پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن کا استعفیٰ منظور

پیر 1 جنوری 2024 23:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2024ء) پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی نے پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے سید محمد عابد قادری کو عبوری مدت کیلئے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا صدر منتخب کرنے کی توثیق کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی او اے کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس سینئر نائب صدر سید عاقل شاہ کی زیر صدارت ہواجس میں 25 اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن کے 28 دسمبر کو موصول ہونے والے خط کے ذریعے عہدے سے مستعفی ہونے کا معاملہ کمیٹی میں زیر غور آیا جس پر ایگزیکٹو کمیٹی کے 25میں سے 23ارکان نے سید عارف حسن کے استعفیٰ کی منظوری دیدی جسے توثیق کیلئے پی او اے کی جنرل کونسل کو بھیجا جایگا۔

(جاری ہے)

پی او اے ایگزیکٹو کمیٹی نے لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن کی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی اولمپک موومنٹ کو انکے وژن کے تحت آگے بڑھایا جائیگا جبکہ سید عارف حسن کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انکے اعزاز میں تقریب کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

اجلاس میں آئین کے مطابق سید محمد عابد قادری کو رواں سال کی آخری سہ ماہی میں ہونیوالے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات تک عبوری مدت کیلئے صدر منتخب کرنے کی بھی منظوری دی ہے جن کے حق میں ایگزیکٹو کونسل کے 23ممبران نے ووٹ دئیے۔