Live Updates

نوازشریف کو نکالنے میں جنرل راحیل شریف، جنرل قمرباجوہ، فیض حمید شامل تھے

چکوال کا ریٹائرڈ ہونے والا آج بھی عمران خان کیلئے اثرورسوخ استعمال کررہا ہے، ذوالفقاربھٹو اور نوازشریف نے پاکستان کیلئے کام کیا اس لئے عالمی سازش ہوئی تھی، عمران خان نے کیا تھا جو سازش ہوئی؟ مرکزی رہنماء ن لیگ میاں جاوید لطیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 9 جنوری 2024 22:05

نوازشریف کو نکالنے میں جنرل راحیل شریف، جنرل قمرباجوہ، فیض حمید شامل ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 جنوری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو نکالنے میں جنرل راحیل شریف، جنرل قمر باجوہ، فیض حمید شامل تھے، چکوال کا ریٹائرڈ ہونے والا آج بھی عمران خان کیلئے اثرورسوخ استعمال کررہا ہے، ذوالفقار بھٹو اور نوازشریف نے پاکستان کیلئے کام کیا اس لئے عالمی سازش ہوئی تھی۔

انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلہ سازی کرنے والے اداروں سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں، اداروں میں بیٹھے فیصلہ سازوں سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں، ہمارے خلاف فیصلہ کرنے والوں سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔9مئی واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والا کون تھا؟اگر یہ آج تک پتا نہیں چلا تو ماتم کرسکتا ہوں، ریاست پر حملہ کرنے والوں کو 7ماہ ہوگئے آج تک انہیں کٹہرے میں نہیں لاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان بھی دیں اور انتخابی مہم بھی چلانے دیں، آئین قانون اجازت دیتا ہے تو بانی پی ٹی آئی کو رہا کریں، اگر انتخابی نشان چھن گیا ہے تو نہیں کہہ سکتے کہ قانون غلط تھا۔ فروری 8کو انتخابات ہونے جارہے ہیں، عوام کو پتا چلنا چاہیے کہ کون محب وطن ہے؟کون سیسلین مافیا ہے یا ریاست پر حملہ کرنے والے کون ہیں؟ تاکہ عوام پھر اپنی مرضی کے مطابق ووٹ کرسکیں۔

جاوید لطیف نے کہا کہ اگر جیل کے اندر بھی عمران خان کے دھمکیاں دینے ، لڑائی جھگڑا کرنے اوراس کیلئے مرضی کے فیصلوں کے باوجود اگر کوئی ادارہ حرکت میں نہیں آتا تو پھر میں سہولتکاری نہ کہوں تو کیا کہوں؟ مجھے بتائیں کہ کیا یہ سپریم کورٹ میں داخل نہیں ہوئے تھے، قبضہ نہیں کیا تھا؟ رات 12بجے عدالت نہیں کھلی تھی؟کیا مسلح لوگوں نے قبضہ کیا تھا یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ میں جب کہتا ہوں کہ عمران خان کو آج بھی سہولتکاری میسر ہے تو کہا جاتا ہے کہ کون سہولتکاری کررہا ہے؟ جب 9، 10مئی کو حملہ ہوا، پھر ایک ادارے نے اپنے اندر خود احتسابی کی،کیا 18، 20لوگوں کو سزا نہیں ملی؟وہ سزا کس بات پر ملی تھی؟آج بھی چکوال کے ریٹائرڈ ہونے والے لوگ اپنا اثرورسوخ استعمال کررہے ہیں، پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جارہا ہے، یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف نے جب ایٹمی دھماکے کئے اور دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا تواس وقت بھی عالمی سازش ہوئی تھی، 2017 میں نواز شریف کو سی پیک پاکستان کو دینے کی سزا دی گئی، جاوید لطیف نے الزام عائد کیا کہ نوازشریف کو نکالنے کی سازش میں جنرل راحیل شریف، جنرل قمر جاویدباجوہ، فیض حمید شامل تھے، ثاقب نثار سے بندیال تک سب لوگ شامل ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات