فیصل آباد، خواتین کے لئے 20 روزہ فری کوکنگ کورس15 جنوری سے شروع ہوگا

جمعرات 11 جنوری 2024 12:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جنوری2024ء) فیصل آباد کی خواتین کے لئے 20 روزہ فری کوکنگ کورس15 جنوری بروز سوموار سے شروع ہوگااور صبح ساڑھے 11 بجے سے دوپہر 2 بجے تک خواتین کو پاستہ، چکن جلفریزی، چکن منچورین، چکن شیشلک، سندھی بریانی،چکن ویجی ٹیبل رائس، دم کباب چکن روسٹ، وائٹ قورمہ، انڈہ چنے کوفتہ،تندوری چکن،چائنیز رائس، افغانی چکن، والننٹ سیلڈ، گاجر کا حلوہ،آلو چپس، چکن چیزی بکس، چکن مکرونی، چکن سوپ اور چکن ہانڈی سمیت کئی دیگرمنفرد ڈشیں عملی طور پربنانی سکھائی جائیں گی۔

مذکورہ فری کوکنگ کورس سیکھنے کیلئے خواتین سوشل ویلفیئر سوسائٹی غلام محمد آباد کے تینوں دستکاری سکولز نور محمد انصاری انڈسٹریل سکول نور محمد انصاری چوک نور محمد انصاری روڈ غلام محمد آباد، پبلک دستکاری سکول اقبال ٹاؤن اور سروری رفیق دستکاری سکول مرضی پورہ فیصل آباد سے رابطہ کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ادارہ کے ترجمان محمد ارشد قاسمی نے بتایا کہ خواہشمند خواتین تینوں سکولوں میں رجسٹریشن کراکر داخلہ لے سکتی ہیں جہاں محدود نشستیں پہلے آئے پہلے پائیے کی بنیاد پرپر کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کوکنگ خواتین کا پسندیدہ مشغلہ اور ہر گھر کی بنیادی ضرورت ہے جس میں مہارت اور نئی سے نئی تکنیک اختیار کرنے والی خواتین اپنے گھروں میں ممتاز حیثیت کی حامل ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بے شمار خواتین اپنے گھروں میں منفرد اور قسم قسم کی ڈشیں تیار کر کے برسر روزگار ہو چکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 20 روزہ کوکنگ کورس کے اختتام پر کورس مکمل کرنے والی خواتین کو محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال فیصل آباد کی طرف سے سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کورس کا بنیادی مقصد خواتین کو باہنر بنانا اور ان کی ذہنی استعداد کار میں اضافہ ہے تاکہ علاقہ کی زیادہ سے زیادہ خواتین کوکنگ کی تربیت حاصل کر کے باعزت طریقے سے اپنا روزگار چلاسکیں۔

متعلقہ عنوان :