ایم کیو ایم پاکستان نے حیدرآباد کی 3 قومی اور 6 صوبائی نشستوں پر اپنے اُ میدواروں کا اعلان کر دیا

ہفتہ 13 جنوری 2024 20:30

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2024ء) ایم کیو ایم پاکستان نے حیدرآباد کی 3 قومی اور 6 صوبائی نشستوں پر اُ میدواروں کا اعلان کر دیا۔ متحدہ قومی مومنٹ حیدرآ باد ڈسٹرکٹ آ فس پر سندھ تنظیمی کمیٹی کے رکن حق نواز قائم خانی، ڈسٹرکٹ انچارج ظفر احمد صدیقی واراکین ڈسٹرکٹ کمیٹی نے جنرل الیکشن 2024 کیلئے ایم کیو ایم پاکستان کے نامزد کردہ اُمیدواران کو ٹکٹ دیئے۔

جس کے مطابق این اے 218 قاسم آباد سے ایم کیو ایم شعبہ خواتین کی جوائنٹ انچارج و سابق رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی کی اہلیہ محترمہ نسیم اختر سحر، این اے 219 لطیف آباد سے ممتاز ماہر تعلیم پروفیسر عبدالعلیم خانزادہ اور این اے 220 حیدرآباد سٹی سے رکن رابطہ کمیٹی و سابق ایم این اے سید وسیم حسین کو ٹکٹ دیا گیا۔

(جاری ہے)

حیدرآباد ضلع کی صوبائی نشست پی ایس 60 قاسم آباد سے ساجد مری، پی ایس 61 ٹنڈو جام پر افتخار راجپوت کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔

پی ایس 62 پر سابق تعلقہ ناظم لطیف آباد، سابق ممبر قومی و صوبائی اسمبلی انجینئر صابر حسین قائم خانی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پی ایس 63 پر سابق رکن صوبائی اسمبلی شفیق قریشی مرحوم کے صاحبزادے سابق یو سی وائس چیئرمین کامران شفیق کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پی ایس 64 پر سابق ناظم، جوائنٹ زونل انچارج راشد خان ایڈووکیٹ کو ٹکٹ دیا گیا ہے پی ایس 65 پر سابق رکن صوبائی اسمبلی ناصر حسین قریشی کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔