ریٹرننگ افسر کو ہراساں کرنیوالا پی ٹی آئی امیدوار الیکشن کمیشن طلب، مقدمہ درج

پیر 15 جنوری 2024 21:05

رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) الیکشن کمیشن نے رحیم یار خان میں پی ٹی آئی امیدوار کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو ہراساں کرنے کا نوٹس لے لیا جبکہ پولیس نے بھی امیدوار ممتاز مصطفی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے رحیم یار خان میں حلقہ این اے 171 سے پی ٹی آئی امیدوار ممتاز مصطفی کی جانب سے ریٹرننگ افسر کو ہراساں کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر کو مذکورہ امیدوار کے ہمراہ الیکشن کمیشن آفس اسلام آباد میں سماعت کیلئے طلب کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ممتازمصطفی پی ٹی آئی نظریاتی کے ٹکٹ اورانتخابی نشان کے خواہاں تھے لیکن ریٹرننگ افسرکی جانب سے منع کرنے پرممتاز مصطفی نے دھمکیاں دینا شروع کردیں انہوں نے کہا کہ کسی عدالت کی جرات ہے کہ ہمیں کہے کہ باہر جا کر لان میں کھڑے ہوجائو۔امیدوار نے ریٹرننگ افسر سے کہا کہ آپ کی یہ کرسی ہمارے پیسوں کی دی ہوئی ہے سرکار، ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہ لیتے ہیں آپ اور آپ ہمیں کہتے ہیں کھڑے ہوجا ئوجاکر۔ دوسری جانب پولیس نے بھی ممتاز مصطفی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔