پی ٹی آئی قومی وصوبائی اسمبلیوں کیلئے 47 امیدوار فائنل نہ کرسکی

8فروری کے الیکشن میں تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے اپنے 859 امیدوار میدان میں اتارے ہیں

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 18 جنوری 2024 11:41

اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18جنوری2024 ء) عام انتخابات کیلئے پاکستان تحریک انصاف تاحال 47 امیدواروں کے ناموں کو فائنل نہ کر سکی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے قومی اسمبلی کے کل 266 حلقوں میں 8 حلقوں کیلئے امیدواروں کے نام تاحال سامنے نہیں آ سکے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 8 فروری کو ہونے والے الیکشن میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کیلئے اپنے 859 امیدوار میدان میں اتارے ہیں اسی طرح پنجاب اسمبلی کے 297 حلقوں میں سے تاحال 5 حلقوں میں سے پی ٹی آئی کا کوئی امیدوار فائنل نہ کیا جا سکا جبکہ خیبرپختونخوا کے 115 حلقوں میں بھی پی ٹی آئی 4 امیدواروں کے نام نہیں دے سکی ہے۔

سندھ اسمبلی کے سندھ کے 130 حلقوں میں سے بھی پی ٹی آئی کے 10 امیدواروں کے نام تاحال فائنل نہیں ہوسکے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح سے بلوچستان اسمبلی کیلئے بھی تاحال کل 51 حلقوں سے 20 حلقے پی ٹی آئی کے امیدواروں سے خالی ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی کے 234 حلقوں اور پنجاب اسمبلی کی 266 نشستوں پر امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔

پی ٹی آئی کا ٹکٹ حاصل کرنے والے نمایاں امیدواروں میں عمر ایوب خان، مراد سعید، اسد قیصر، راجا بشارت، عالیہ حمزہ، میاں اظہر، یاسمین راشد، شہریار آفریدی اور شیر افضل مروت اور صحافی ایاز امیر اور امتیاز عالم بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ عامر ڈوگر، جمشید دستی اور زرتاج گل وزیر کو بھی ٹکٹ جاری کیا گیا تھاپی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر بونیرکے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 10سے الیکشن لڑیں گے۔جبکہ پی ٹی آئی نے گوجرانوالہ کی قومی اسمبلی کی دو اور صوبائی اسمبلی کی 6 نشتوں پر امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کا ٹکٹوں کے اعلان پر کہنا تھا کہ تمام فیصلے بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور کورکمیٹی کی مشاورت کئے گئے تھے کسی کے ساتھ حلق تلفی نہیں کی گئی تھی۔