ٹیننٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے وفد کی عابد اللہ یوسف زئی سے ملاقات

محکمہ مسلم اوقاف کی جانب سے کرایوں میں ظالمانہ اضافے سے متعلق آگاہ کیا،عابد اللہ کی تاجروں کو تعاون کی یقین دہانی

اتوار 21 جنوری 2024 20:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2024ء) ٹیننٹس پروٹیکشن ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر امتیاز احمد کی قیادت میں ایسوسی ایشن کے عہدے داروں کے ایک وفد نے گزشتہ روز این اے 32 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبداللہ یوسف زئی سے ملاقات کی ،وفد میں ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل حاجی احمد ندیم،منیر خان، مقصود الرحمن اور دیگر بھی شامل تھے ۔

ملاقات میں امتیاز احمد نے عابداللہ یوسفزئی اور دیگر سے اپنے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ مسلم اوقاف کی جانب سے کرایہ داروں کے ساتھ امتیازی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے صوبے میں تقریبا سوا چار ہزار سے زائد دکاندار سخت ذہنی کوفت کا شکار ہیں جبکہ چند ہفتے قبل ایک کرایہ دار اسی ذہنی تناؤ کی وجہ سے اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھا جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے وہ کم ہے اور اب حال یہ ہے کہ دیگر بھی اسی ٹینشن کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق صوبائی حکومت میں اسمبلی میں کرایہ داروں سے متعلق ایکٹ پاس ہوا جس کی آڑ میں محکمہ اوقاف کے اہلکاروں نے اپنے آپ کو ہی ان دکانوں کا مالک سمجھ لیا اور ہمارا مسئلہ ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کرنے کی بجائے ہمیں دکانوں سے بے دخل کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں جبکہ کرائے میں بھی سو سے لے کر 400 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جو کہ سراسر زیادتی ہے ۔ملاقات میں عابد اللہ یوسفزئی نے تاجروں کے تمام مسائل سنے اور انہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اپنی کمپین اور ہر پلیٹ فارم پر مسئلہ کو اجاگر کرنے اور اسمبلیوں میں آنے کے بعد اس ظالمانہ ایکٹ میں ترمیم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔