ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام باغ جناح گرانڈ میں جلسے کی جھلکیاں

باغ جناح گرائونڈ میں ایم کیو ایم کی جانب سے زبردست انتظامات کئے گئے تھے پنڈال کے اطراف میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ، پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان، علامہ اقبال ، سرسید احمد اور رعنا لیاقت علی خان کی تصاویر آویزاں تھیں

اتوار 21 جنوری 2024 21:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام باغ جناح گرائونڈ میں فقیدالمثال عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، تلاوت کلام پاک کے بعد قومی ترانہ چلایا گیا جسے جلسے کے شرکا اور اسٹیج پر موجود ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے اپنی نشستوں سے کھڑا ہوکر سنا۔

باغ جناح گرائونڈ میں منعقدہ عوامی اجتماع سے ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی انتہائی اہم اور فکر انگیز خطاب کیا۔ باغ جناح گرائونڈ لاکھوں شرکا کی ریکارڈ تعداد میں شرکت کے باعث ٹھاٹھیں مارتے سمندر کا منظر پیش کر رہا تھا، باغ جناح گرائونڈ میں ایم کیو ایم کی جانب سے زبردست انتظامات کئے گئے تھے۔ کارکنان کی دن رات شب روز کڑی محنت و لگن کے بعد باغ جناح گرائونڈ میں خوبصورت پنڈال تیار کیا گیا جو آنے والے شرکا کی توجہ کا مرکز بنا ہوا تھا۔

(جاری ہے)

جلسہ کے سلسلے میں باغ جناح گرائونڈ میں 120 فٹ لمبا، 30 فٹ چوڑا اور 20 فٹ بلند خوبصورت اسٹیج تیار کیا گیا۔ جس کے عقب میں 20x40 فٹ کی پینا فلیکس اسکرین لگائی گئی تھی۔ جس پر دائیں جانب پاکستانی پرچم اور بائیں جانب ایم کیو ایم پاکستان کا پرچم کی تصاویر آویزاں تھی۔ اسکرین کے درمیان میں’’کراچی کا فیصلہ ایم کیو ایم پاکستان‘‘ جلی حروف سے تحریر تھا۔

اسٹیج کے سامنے شرکا کیلئے کرسیاں لگا کر نشستوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ جبکہ اسٹیج کے دائیں جانب صحافیوں کے لئے پریس گیلری اور معززین کے لئے گرائونڈ میں وسیع و عریض پنڈال میں اہتمام کیا گیا تھا۔جس میں خصوصی پول لگا کر ان پر لائٹیں لگائی گئی تھیں جس سے پنڈال میں رات کے وقت دن کا سماں تھا جبکہ سینکڑوں مقامات پر استقالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں ایم کیو ایم کے ترانوں کی دھن پر کارکنان کی جانب سے والہانہ رقص کیا جا رہا تھا۔

باغ جناح گرانڈ میں سیکورٹی کے بھی بہترین انتظامات کئے گئے تھے۔ جلسے کا باقاعدہ آغاز آٹھ بجے حسب روایت تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے ہوا، اسٹیج پر ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سئنیر ڈپٹی کنوینرز نسرین جلیل، سید مصطفی کمال ،ڈاکٹرفاروق ستار وڈپٹی کنوینرز انیس قائم خانی،عبدالوسیم،خواجہ اظہارِ الحسن، اراکینِ رابطہ کمیٹی موجود تھے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے تمام کارکنان، حق پرست عوام کو دل کی گہرائیوں سے عظیم الشان جلسہ منقعدہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ جلسے میں نوجوانوں، بچوں، ماوں، بہنوں اور بزرگوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ جلسہ گاہ میں مرکزی کیمپ سمیت پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا، سوشل میڈیا، طبی سہولیات و دیگر کے کیمپس لگائے گئے تھے۔

میڈیا سیل کے ذمہ داران جلسہ گاہ کی لحمہ بالمحہ نیوز سے دنیا بھر کی عوام کو آگاہ کرنے میں مصروف تھے۔ ایم کیو ایم کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی آمد کا جیسے ہی اعلان کیا گیا تو حاضرین جلسہ نے اپنی نشستوں سے کھڑے ہوکر زوردار تالیوں اور فلک شگاف نعروں کی گونج میں ان کا پر تپاک استقبال کیا۔ بعدازاں باغ جناح گروانڈ میں آتشبازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا جس کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔

جسے عوام و کارکنان نے گہری دلچسپی سے دیکھا اور بڑی تعداد میں اپنے موبائل کیمروں کی مدد سے ان مناظر کو فلم بند کیا۔ اس موقع پر باغ جناح گروانڈ میں موجود بچے بھی آتشبازی سے لطف اندوز ہوئے۔ پنڈال کے اطراف میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ، مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ، پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان، علامہ اقبال ، سرسید احمد اور رعنا لیاقت علی خان کی تصویر آویزاں تھیں۔