علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد جناح کنونشن سنٹرمیں 31 جنوری کو ہوگا

منگل 23 جنوری 2024 17:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2024ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا جلسہ تقسیم اسناد اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں 31 جنوری کو منعقد ہوگا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی طلبہ کو گولڈ میڈلز اور ڈگریاں دیں گے۔جلسہ تقسیم اسناد میں اسلام آباد، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور راولپنڈی ڈویژن(اٹک، چکلالہ، جہلم اور راولپنڈی)کے طلبہ شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس تقریب میں وفاقی وزرا، سیکرٹریز، وزارت تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ عہدیداران، مختلف جامعات کے وائس چانسلرز، ریکٹرز، یونیورسٹی کے چاروں ڈین، پروفیسرز، پرنسپل افسران و فیکلٹی ممبران، طلباء و طالبات کے علاوہ ملک کے نامور صحافی اور سماجی شخصیات شریک ہوں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ 2024 یونیورسٹی کی گولڈن جوبلی کا سال ہے، ہم نے یونیورسٹی کی 50 ویں سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے رواں سال کو بھرپور انداز سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، فارغ التحصیل طلبہ کو اس خوشی میں شامل کرنے کے لیے کانووکیشن منعقد کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی چیپٹر کا کانووکیشن 3مارچ کو ہوگا، لاہور میں 28اپریل، کوئٹہ میں 19 مئی جبکہ پشاور کا کانووکیشن9جون کو منعقد کیا جائے گا۔