کارکنان جشن کی تیاری کریں 8فروری کو ہر طرف شیر ہوگا، نہال ہاشمی، قادربخش کلمتی

ریلی کی زبردست کامیابی سے ثابت ہوگیا ملیر کی عوام تبدیلی کی خواہاں ہے،حفیظ سرہندی، یعقوب خاصخیلی

منگل 23 جنوری 2024 22:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنمانہال ہاشمی،نامزد امیدواران این اے 229 قادر بخش کلمتی،پی ایس85 حفیظ اللہ سرہندی، پی ایس 86یعقوب خاصخیلی و دیگر نے جام گوٹھ تا میمن گوٹھ نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ملیر کی عوام کی دی ہوئی محبتوں کے مقروض ہیں، ثابت ہوگیا ملیر کی عوام تبدیلی کی خواہاں ہے، گذشتہ پندرہ برس سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت رہی لیکن ملیر کو مسلسل نظرانداز کیا گیا۔

اس دور میںبھی ملیر کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، ملیر کی عوام پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترس رہی ہے، تعلیمی اداروں میں فرنیچر و اساتذہ نہیں ہیں، گرین بیلٹ کو تباہ کیا گیا، مقامی آبادگاروں کی زمینوں کی لیز کینسل کرکے قبضہ مافیا کی سہولت کاری کی گئی، پیپلز پارٹی کی آشیرواد سے قبضہ مافیا نے ملیر کے ندی نالے و قبرستان بھی فروخت کردیئے، ترقیاتی منصوبے کرپشن کے بھینٹ چڑھ گئے۔

(جاری ہے)

ملیر میں صنعتی زون قائم ہے ہزاروں فیکٹریاں چل رہی ہیں اس کے باوجود ملیر کے نوجوان بیروزگار ہیں۔ پندرہ سالوں میں پیپلز پارٹی کے منتخب نمائندے نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے کہاکہ ملیر کی عوام اب آزمائے ہوئے لوگوں کو دوبارہ نہیں آزمائیگی ،8 فروری کو مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہونگے کارکنان جشن کی تیاری کریں۔

ان کا کہناتھاکہ 8 فروری عوام کی فتح کا دن ہوگا، پیپلز پارٹی نے گذشتہ پندرہ سالوں میں ملیر کو تباہی کے دہانے پہنچایا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں جام گوٹھ سے میمن گوٹھ تک ریلی میں کارکنان و اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کے اختتام پر میمن گوٹھ میں انتخابی دفتر کا افتتاح کیا گیا۔