Live Updates

سائفر باجوہ کیلئے آیا تھا جسے دبانے کی پوری کوشش کی گئی

شاہ محمود قریشی کو اس کا بائی چانس پتہ چل گیا، سائفر میں اگر انہونی چیز نہیں تھی تو ڈی مارش کیوں کیا گیا؟ عمران خان کا سوال

muhammad ali محمد علی منگل 23 جنوری 2024 20:48

سائفر باجوہ کیلئے آیا تھا جسے دبانے کی پوری کوشش کی گئی
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 جنوری 2024ء) عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ سائفر باجوہ کیلئے آیا تھا جسے دبانے کی پوری کوشش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے سائفر سے متعلق کہا کہ ڈونلڈ لو نے جو بات کی اس پر پاکستانی سفیراسد مجید نے آفیشل میٹنگ میں ڈی مارش کرنے کی سفارش کی، سفیر کی سفارش پر ڈی مارش کیا گیا اور کہا جا رہا ہے کہ سازش نہیں ہوئی، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا سائفر نہیں آیا، شاہ محمود کو بائی چانس اس سائفر کا پتا چلا ورنہ وہ سائفر قمر جاوید باجوہ کے لیے تھا جسے دبانے کے لیے پوری کوشش کی گئی کیونکہ اس سے ڈونلڈ ڈو ایکسپوز ہوگیا۔

عمران خان نے کہا کہ 3 ہفتے میں حکومت گرا دی گئی اس سے بڑی سازش کیا ہے؟ سائفر میں اگر انہونی چیز نہیں تھی تو ڈی مارش کیوں کیا گیا؟ کیا کوئی امریکا کو ڈی مارش کرتا ہے؟ جس روز ڈی مارش کیا گیا سائفر اسی روز پبلک ہوگیا تھا، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی میٹنگ میں سائفر کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کیوں کہا گیا؟ سائفر کے معاملے پر پارلیمنٹ کی کمیٹی بنائی گئی وہ کس کی دھمکی پر ختم ہوئی؟ ہم نے چیف جسٹس سے بھی کہا تھا کہ سائفر معاملے کی انکوائری کی جائے۔

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہمارے ساڑھے تین سالہ دور میں کسی ملک کو ڈی مارش نہیں کیا گیا لیکن سائفر کے بعد ہمارے ممبران ٹوٹنا شروع ہوئے راجہ ریاض سمیت بہت سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے جس پر آئی بی کی رپورٹ بھی موجود تھی۔ ارشد شریف کا پروگرام بھی موجود ہے کہ کون کون سے لوگ امریکی ایمبیسی جا رہے تھے۔ اکتوبر 2021ء میں باجوہ نے حسین حقانی کو ہائر کیا ہمیں اس کا علم تک نہ تھا حسین حقانی کو 35 ہزار ڈالر دیے گئے اور حسین حقانی سے ٹویٹ کروایا گیا کہ عمران امریکا مخالف جبکہ باجوہ امریکا کے حق میں ہے۔

دوسری جانب اس حوالے سے شاہ محمود قریشی نے انکشاف کیا کہ سائفر صرف اور صرف سیکرٹری خارجہ کے دیکھنے کیلئے تھا، قومی سلامتی کمیٹی نے سیاسی مداخلت کو مانا۔انہوں نے کہاکہ سائفر آنے کے بعد بانی پی ٹی آئی نے کہا جتنے بھی پارلیمانی لیڈر ہیں سب کو بریف کیا جائے، سیکرٹری خارجہ نے تمام پارلیمان لیڈرز کو سائفر پر بریفنگ بھی دی۔ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں اپنے سیاسی حریف جاوید ہاشمی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہاشمی نے حق اور سچ کا جھنڈا بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جاوید ہاشمی کا ن لیگ کے پلیٹ فارم سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں بیان بہت بڑی بات ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات