8 فروری 2024کا سورج تحریک لبیک پاکستان کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا،پیرسید نادرعلی شاہ /علامہ مفتی وزیراحمد رضوی

بدھ 24 جنوری 2024 21:42

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جنوری2024ء) مذہبی اورروحانی شخصیات پیرسید نادرعلی شاہ ،این اے 263 کے نامزد امیدار علامہ مفتی وزیراحمد رضوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا قیام نظام مصطفی کے نام پر ہوا تھا مگر افسوس کہ 70 برس گز رجانے کے باوجود آج تک ہم نظام مصطفی سے محروم ہیں۔پاکستان میں مکمل اسلامی نظام کا نفاذ ہمارا بنیادی منشور ہے اسی ایجنڈے کے تحت تحریک لبیک انتخابات میں بھر پور حصہ لے رہی ہے ۔

8فروری 2024کا سورج تحریک لبیک پاکستان کی کامیابی کی نوید لیکر طلوع ہوگا۔ کو ئٹہ کے عوام تحریک لبیک پاکستان کو کامیاب کرکے اسلام دوستی اورحب الوطنی کا ثبوت دیں ہم کوئٹہ کے عوام کے خادم ہیں اور خدمت ہماری سیاست کا شعار ہے۔ ان خیالات اظہارانہوں نے کلی جیومیں دفتر کاافتتاح کے موقع پرکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

مذہبی اورروحانی شخصیات پیرسید نادرعلی شاہ نے کہاکہ خاتم النبیّین ﷺ کی اطاعت ہی اسلام ہے، قرآن مجید میں اطاعت و اتباع کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کی تعظیم، تکریم اور ادب کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

تحریک لبیک کے ناموس رسالتﷺ کا مؤقف ہر پاکستانی مسلمان کا مؤقف ہے، ناموس رسالتﷺپر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ حرمت رسولﷺ ایک مسلمان کیلئے ہر چیز پر مقدم ہے۔ تحفظ ناموس رسالت ہمارے ایمان کا ہے تحفظ ناموس رسالت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ علامہ مفتی وزیراحمد رضوی نے کہاکہ تحریک لبیک پاکستان حقیقی معنوں میں تحفظ ناموس رسالت کی محافظ ہے انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کو بحرانی کیفیت سے نکالنے کا واحد راستہ پاکستان میں دین اسلام کو تخت پر لایا جائے اور نظام مصطفیٰ کو عملی طور پر نافذ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کا ہر ستم برداشت کرسکتے ہیں لیکن حضور پاک صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان اقدس میں گستاخی ناقابل برداشت عمل ہے ۔اس موقع پرکوئٹہ ڈویژن امیر حافظ سعیداحمد رضوی ،پی بی 44کے نامزد امیدار حاجی محمد ظریف،پی بی 42 سید طلحہ شاہ ،عبدالوحد بنگلزئی،محمد اسحاق نیچاری نے کہاکہ تحریکِ لبیک پاکستان ایک پاکستانی سیاسی جماعت ہے۔

ٹی ایل پی کا منشور عام آدمی کو انصاف فراہم کرنا ہے غریب دیہاڑی دار مزدور کو بھوکا مرنے نہیں دیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ حضور تاجدار ختم نبوت ؐپر پہرہ دینا ٹی ایل پی کا منشورہے۔ امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی نے جس مشن کا بیڑہ اٹھایا اس کا نصب العین صرف ناموس رسالت ؐ کا دفاع ہے۔ حضور خاتم النبینؐ کی ناموس کا دفاع ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے اور انشااللہ ہمیشہ رہے گی۔