چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن کی اسلام آباد کی زیر تعمیر ماڈل جیل کے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 24 جنوری 2024 23:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2024ء) چیئرمین وزیراعظم معائنہ کمیشن نے متعلقہ حکام کو اسلام آباد کی زیر تعمیر ماڈل جیل کے منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔بدھ کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم معائنہ کمیشن کےچیئرمین بریگیڈیئر (ر) مظفر علی رانجھا کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ یہ اجلاس وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں ہوا۔

چیئرمین معائنہ کمیشن نے ماڈل جیل اسلام آباد منصوبے کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کا نوٹس لیا اور متعلقہ محکموں کو اس کو مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

یہ اجلاس 20 دسمبر 2023 اور 2 جنوری 2024 میں ہونے والے اجلاسوں کا تسلسل تھا جس میں معائنہ کمیشن ممبر انجینئر عامر حسن ، وزارت داخلہ، وزارت منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات، پاک پی ڈبلیو ڈی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، سی ڈی اے کے افسران ، آر ڈی اے، آر سی بی اور محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے حکام موجود تھے۔

چیئرمین نے اے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ڈاکٹر قدیر عالم کو ہدایت کی کہ وہ 23 جنوری 2024 کو سائٹ کے دورے سے متعلق اپنی پیشرفت رپورٹ پیش کریں۔ اجلاس میں چیئرمین نے منصوبے کی بروقت تکمیل پر زور دیا جس کی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی جائے گی۔