(ن) لیگ نے تمام ڈویژنوں اور اضلاع کے مقامی سطح کے تنازعات نمٹانے کیلئے ''ڈسپیوٹ ریزولوشن'' کمیٹیاں قائم کر دیں

جمعرات 25 جنوری 2024 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جنوری2024ء) مسلم لیگ (ن) نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کی تمام ڈویژنوں اور اضلاع کے مقامی سطح کے تنازعات سے نمٹانے کیلئے ''ڈسپیوٹ ریزولوشن'' (ڈی آر سی) کمیٹیاں قائم کر دیں۔ جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نوازشریف کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس کے بعد پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے چیئرمین محمد اسحاق ڈار کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی ڈویژن کیلئے حافظ حفیظ الرحمنٰ اور شاہ غلام قادر، اسلام آباد کیلئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور ملک ابرار احمد، گوجرانوالہ کیلئے ناصر محمود بٹ، مشتاق منہیس، سرگودھا ڈویژن کیلئے چوہدری عابد رضا، شاہ نواز رانجھا، ساہیوال کیلئے شاہین خالد بٹ، زبیر گل، فیصل آباد کیلئے طلال چوہدری ، میاں یاور زمان اور حاجی محمد اکرم انصاری، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان کیلئے جعفر اقبال گجر، عشرت اشرف، عبدالرحمان کانجو، نور الحسن تنویر، مہر اعجاز احمد جبکہ لاہور کیلئے سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کمیٹیوں میں شامل ہوں گے ۔

(جاری ہے)

ڈی آر سی مقامی سطح پر تنازعات کے حل، ڈور ٹو ڈور انتخابی کمپین، تمام ملکوں میں پارٹی کی انتخابی مقبولیت کی رپورٹوں کا حصول یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی حلقہ میں مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ ہولڈر کیخلاف کوئی پارٹی رکن آزاد حیثیت میں الیکشن میں حصہ لے رہا ہے تو اسے فوری طورپر حل کیا جائے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی تمام حلقوں میں فتح یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن حد تک کوششوں کو یقینی بنایا جائے۔