پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلبا کے ساتھ رابطہ کاری کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری

جمعہ 26 جنوری 2024 20:16

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس نے پنجاب یونیورسٹی کے 132 ویں جلسہ عطائے اسناد میں بھرپور شرکت کی اور اپنی ٹیم کے ہمراہ سابق طلبا کے ساتھ یونیورسٹی کے تعلقات کو مضبوط کرنے کے وژن کا اعادہ کیا۔سابق طلبا کی نیٹ ورکنگ اورپیشے کی اہمیت کو پہچاننے کے لیے پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس نے اپنے سابق گریجوایٹس کو ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ کیا،سابق طلبا نے پنجاب یونیورسٹی خاندان کا حصہ بننے میں گہری دلچسپی لی اور طلبا، گریجوایٹس اور یونیورسٹی کو فائدہ پہنچانے کے لیے تعاون کی پیشکش کی جبکہ یونیورسٹی نے ویب سائٹ کو بہتر بنا کر دنیا بھر کے سابق طلبا تک پہنچنے کیلئے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کیا ہے۔

پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس سابق طلبا تک پہنچنے کے لیے بہتر مواصلاتی ذرائع تیار کرنے پر کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ہر شعبہ کے فوکل پرسن کو سابق طلبا کے معاملات کو منظم کرنے اور مرکزی سابق طلبا کے دفتر کے ساتھ رابطہ کاری کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔پنجاب یونیورسٹی کے 132ویں جلسہ عطائے اسناد کی صدارت گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کی،جس میں نگران وزیر تعلیم منصور قادرنے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر قائمقام وائس چانسلر اور ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ میٹریلز انجنئیرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ خان درانی،ڈین فیکلٹی آف اسلامک سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی،ڈین فیکلٹی آف بزنس،اکنامکس اینڈ ایڈمنسٹریٹیو سائنسز اور ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے مہمانوں کا استقبال کیا۔

تقریب میں پنجاب یونیورسٹی رجسٹرار ڈاکٹر احمد اسلام، کنٹرولر امتحانات محمد رف نواز،خزانہ دار تسنیم کامران سمیت سینیٹ اور سنڈیکیٹ کے اراکین نے شرکت کی۔ ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ یہ پنجاب یونیورسٹی کے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ تمام شعبہ جات/ اداروں سے مجموعی طور پر 1100گریجوایٹس کو ان کے اعزازات سے نوازا گیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس نے اس تقریب میں کچھ ممتاز سابق طلبا کو مدعو کیا جن میں آئی جی پنجاب جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ، سفیر (ریٹائرڈ) جناب عبدالمتین، ناظم اعلی جامعہ نعیمیہ اور ممبر سنڈیکٹ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، وائس کمشنر پی ای ایس ایس آئی ڈاکٹر ذوالفقار علی، چیئرمین اللہ والے ٹرسٹ شاہد لون،ایڈوائزر یو ایم ٹی اورک اور نیشنل بینک آف پاکستان کے سابق نائب صد ڈاکٹر جمیل احمد خان، سی ای او رضا ایسو سی ایٹس اسد رضا، اینکر ڈاکٹر فرحان خان عباسی،اسسٹنٹ مینجر نشاط ملز جناب نوید القمر، ایگریکلچر آفیسر شعبہ زراعت تہمینہ بہار، ایگریکلچر آفیسر ڈائریکٹوریٹ جنرل پیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈز قندیل فاطمہ، رکن اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر عبدالغفور راشد اور مشیر اور سابق ڈائریکٹر میڈیپک فارماسیوٹیکل لمیٹڈ ناصر جاوید چوہدری شامل تھے۔

ڈاکٹرممتاز انور چوہدری نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومنائی آفس کا ویژن تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی فائدے کے لیے سابق طلبا کی مصروفیت کو بڑھانا ہے۔انہوں نے کہا کہ141سال پرانی تاریخ کی حامل پنجاب یونیورسٹی خطے میں اعلی تعلیم کی قدیم ترین درس گاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلبا اعلی ترین اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں، عالمی معیار کے کاروبار قائم کر رہے ہیں اور ریکارڈ توڑ سنگ میل حاصل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی ایلومینائی آفس غیر تسلیم شدہ ٹیلنٹ کو استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور سابق طالب علموں کو ان کی برسوں کی تعلیم کے ساتھ ان کے الما میٹر میں واپس لانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ سابق طلبا ایک قابل فخر منفرد اثاثہ ہیں جو طلبا کو کیرئیر سپورٹ اور مستقبل کے مواقع فراہم کر سکتے ہیں اور اسکالرشپ اور فنڈ ریزنگ کے لیے ایک اچھا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے اکیڈمی اور انڈسٹری کے درمیان فرق کم ہوگا ۔