ملک کے بالائی علا قوں میں بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان

جمعہ 26 جنوری 2024 22:33

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جنوری2024ء) ملک کے بالائی علا قوں میں چند مقا مات پر بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقےشدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے ۔دھند سے متاثرہ علاقوں میں دن کے درجہ حرارت مسلسل کم رہنے کے باعث شدید سردی رہے گی۔ شہریوں کو انتہائی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا تاہم شام/رات میں اسلام آباد ، خطہ پوٹھوہار ، کشمیر، گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا اور بلو چستان کے سا حلی علا قوں میں چند مقا مات پر بارش اور با لائی علا قوں میں پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدیددھند/سموگ چھائی رہے گی۔

شدید دھند کے باعث ان مذکورہ علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہا جبکہ گلگت بلتستان، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور گر دو نواح میں ہلکی بارش/بوندا باندی ہوئی۔ پنجاب،خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے اور بالا ئی سندھ کے اضلاع میں دھند /سمو گ کی لپیٹ میں رہے۔ سب سے زیادہ بارش منگلہ اور جہلم میں 01 ملی میٹرریکارڈ کی گئی۔ اس دوران ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردومنفی08، لہہ منفی 07 ، گلگت منفی 05، استور ، گوپس، کالام منفی 04، بونجی منفی03،ہنزہ، بگروٹ،دیر اور راوالاکوٹ میں منفی02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔