ڈسکہ میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ہوئے ہیں ، سیدہ نوشین افتخار

منگل 30 جنوری 2024 14:06

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2024ء) رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)و امیدوار حلقہ این اے 73 سیالکوٹ IV سیدہ نوشین افتخار نے کہا ہے کہ ڈسکہ میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو رات گئے ڈسکہ میں منعقدہ ایک ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ڈسکہ شہر کی ترقی کا آغاز ہوا ہے کیونکہ میرا ہدف صرف گلیوں نالیوں کی تعمیر کی حد تک نہیں ہے بلکہ اچھی صحت، اچھی تعلیم اور ڈسکہ میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام میری ترجیحات میں شامل ہے جس کے لیے میں کوشاں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ کی نوجوان نسل کے لیے میرا پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کا وعدہ بھی پورا ہوا ہے، اس کیمپس میں زراعت کا کورس بھی رکھوایا ہے کیونکہ ہمارا حلقہ 70 فیصد دیہی علاقہ ہے ، اس میں زرعی زمین اور آلات کے کورسز بھی رکھوائے ہیں تاکہ ہمارے بچے یہاں سے تعلیم کے حصول کے بعد ملکی تعمیروترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں یہ سب کچھ ووٹ کے لیے ہرگز نہیں کرتی بلکہ اپنے مرحوم والد اور اپنی آخرت کے لیے کرتی ہوں اور جس دن مجھے محسوس ہوا کہ میں اپنے عہدے کے ساتھ مخلص نہیں اور اس کی اہل نہیں تو میں اسی دن مستعفی ہونے کو ترجیح دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمہ وقت تیار ہوں اور ڈسکہ کی تعمیروترقی کے لیے کوشاں ہوں ۔ چوہدری افتخاراحمد سندھو، چیئرمین میاں عابد،چوہدری آصف اعجاز سندھو، سلمان سندھو، اویس اسلم سندھو سیکرٹری بار ڈسکہ، چوہدری سیف اللہ باجوہ، عنصر سندھو، زوالفقار سندھو، باجوہ برادران، حاجی شوکت اور سید فاخر شاہ ایڈووکیٹ کے علاوہ سید شاہ فیصل، سید حسنات شاہ و دیگر بھی اس موقع پر یہاں موجود تھے۔