سیالکوٹ، انتخابات کے بعد مضبوط عوامی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، ڈاکٹر فردوس عاشق

بدھ 31 جنوری 2024 15:19

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2024ء) استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان و امیدوار برائے حلقہ این اے 70 سیالکوٹ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوامی لیڈر وہ ہوتا ہے جو جھوٹے نعروں اور سیاسی تقریروں کی بجائے عوام کے ساتھ عام انتخابات میں کیے ہوئے وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے حلقے میں کیے گئے ترقیاتی کام میرے ماضی ،حال اور مستقبل کی ضمانت ہے، میری اولین ترجیح ملک کی سلامتی اور اپنے حلقے کی عوام کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقے میں جاری انتخابی مہم کے دوران مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ انتخابات کے بعد مضبوط عوامی حکومت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی، جمہوری روایات اور انتخابات سے ہی ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آئے گا، استحکام پاکستان پارٹی معاشی و سیاسی استحکام کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام کو اس وقت ایک ایسی قیادت کی ضرورت ہے جہاں پر ان کے اور ان کے بچوں کے مستقبل وحقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر ان سازشی ٹولے کو سمجھنا ہے اور ان کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے اور عوام میں سے ایماندار قیادت کو آگے لانا ہے جو غریب عوام کو غربت کی چکی سے نکالنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو آگے لیکر جانے کی صلاحیت رکھتی ہو،پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے نعرے کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آگیا ہے، پارٹی کا منشور غریبوں کے لیے ترقی و تمدن اور خوشحالی کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حلقہ میں جو ترقیاتی منصوبے ادھورے رہ گئے ہیں ان کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، اس وقت عوام کے پاس ملک کی تقدیر بدلنے کے لئے فیصلے کی کنجی ہے، ہماری جدوجہد کا مقصد عوام کی مشکلات کم کرکے انہیں ریلیف دینا ہے،آج کی نسل پاکستان کی تعمیر و ترقی کی ضامن ہے، ہم نے نفرتوں کو کم کر کے اپنے علاقے میں محبت کو پروموٹ کرنا ہے، رواداری کو آگے لانا اور منتقل کرنا ہے۔

ہم سب بہن بھائی ایک فیملی کی طرح ہیں ہم ایک ہیں اور اس سبز پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں۔ سابق وفاقی وزیر نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاک افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرکے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا ثبوت دیا اور دیگر ملکوں کی افواج کے لیے ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی صورتحال کا مقابلہ کرنا اکیلے حکومت کے بس کی بات نہیں ہوتی بلکہ اس کی خاطر حکومت، عوام اور فوج کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا پڑتا ہے، پاک فوج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔