ہندوستان میں مسلمانوں پرعرصہء حیات تنگ کیاجارہاہے، فقیرشکیل قاسمی

بدھ 31 جنوری 2024 18:56

کرا چی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2024ء) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ ہندوستان اور اسرائیل کی اسلام کو مٹانے کی خواہش کبھی کامیاب نہیں ہوگی، کیونکہ اسلام مٹنے کے لئے نہیں غالب ہونے کے لئے آیاہے، قائد ملت اسلامیہ حضرت امام شاہ احمد نورانی ؒکی پیش گوئی کے مطابق موجودہ صدی غلبہء اسلام کی صدی ہے۔

یہ باتیں انہوں نے ہندوستان اور اسرائیل کی جانب سے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم اور بدترین جارحیت پر اپنے مذمتی بیان میں کہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمان کبھی موت سے نہیں گھبراتا ،جذبہء شہادت مومن کی میراث ہے جس کا ثبوت اسرائیل میں چار ماہ سے مسلسل جاری مسلم نسل کشی ہے، جس کے باوجود آج بھی فلسطینی مسلمانوں کا جذبہء جہاد کم نہیں ہواہے، غزہ میں ہر طرف تباہی اور بربادی کے مناظر ہیں، عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، پناہ گاہیں تک محفوظ نہیں ،فلسطینی مائیں ،بہنیں ،بیٹیاں اور بزرگ بھی کھلے آسمان تلے زندگی گزاررہے ہیں لیکن کسی سے امن کی بھیک نہیں مانگ رہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں مساجد ،مدارس اوردرگاہوں کو شہید کرکے مندربنانے کی لت زور پکڑ چکی ہے، ہندوستانی حکومت کی شہہ پر مسلمانوں پر عرصہء حیات تنگ کیاجارہاہے، مساجد کا انہدام پر مسلمان مسلم ممالک کے حکمرانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں، لیکن افسوس حکمران طبقے پر ہے جن کی جانب سے کوئی آواز تک نہیں اٹھائی جارہی، دوسری جانب عرب ممالک ہیں جہاں باقاعدہ حکومتی سرپرستی میں مندر بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی ممالک کا وسیع ترین اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے، اس کے لئے پاکستان، ترکی، سعودی عرب اور دیگر ممالک مل کر بیٹھیں اور لائحہء عمل ترتیب دیں۔