فیصل آباد میں قومی اسمبلی کی10حلقوں میں کانٹے کے مقابلے

ن لیگ ،پیپلز پارٹی ،تحریک لبیک ،جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ وگا

بدھ 31 جنوری 2024 21:01

جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2024ء) فیصل آباد میں قومی اسمبلی کی10حلقوں میں 8فروری کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں کئی کانٹے دار مقابلے ہوں گے۔قومی اسمبلی کے حلقہ این ای95میں کل 25امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آزاد علی تبسم شیر کے نشان پر،پاکستان پیپلز پارٹی کے عثمان نواز تیر کے نشان،تحریک لبیک کے غلام میراں شاہ گیلانی کرین کے نشان پر،جماعت اسلامی کے محمد نعیم ترازو کے نشان پراور آزاد حیثیت سے علی افضل ساہی انتخابی نشان واٹر کولرکے نشان پر مدمقابل ہیں۔

حلقہ این اے 96میں 24امیدوارالیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے نواب شیر وسیر شیر کے نشان پر،پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد شاہ جہان خان تیر کے نشان پر،جماعت اسلامی کے عبدالوحید خان ترازو کے نشان پر،تحریک لبیک کے سید آصف اللہ شاہ بخاری کرین کے نشان پراور آزاد حیثیت سے رائے حیدر علی خان انتخابی نشان ریڈیو پر حصہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے 97میں 22امیدوار اپنی قسمت آزمائیں گے جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے علی گوہر خاں شیر کے نشان پر،تحریک استحکام پارٹی کے ہمایوں اخترخان عقاب کے نشان پر،تحریک لبیک کے حافظ عابد حسین کرین کے نشان پر، آزاد حیثیت سے رائے واجد علی انتخابی نشان ڈولفن اورپاکستان پیپلز پارٹی کے محمد خاں ندیم تیر کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔حلقہ این اے 98میں 20امیدوار میدان میں ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق ایم این اے محمد شہباز بابر گجر شیر کے نشان پر،پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق وزیر رانا فاروق سعید،تحریک لبیک کے محمد جواد سلیم کرین کے نشان پراور آزاد حیثیت سے سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد واٹر کولر کے نشان پر، آزاد حیثیت سے عادل رفیع چیمہ ایئر کولر کے نشان پر،پیپلز پارٹی کے نعیم دستگیر تیر کے نشان پر آمنے سامنے ہیں۔

حلقہ این اے 99 میں 25امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میاں قاسم فاروق شیر کے نشان پر،جماعت اسلامی پاکستا ن کے عاصم منیر ترازو کے نشان پر،تحریک لبیک کے عمران خاں کھرل انتخابی نشان کرین اور پاکستان پیپلز پارٹی کی نہیہ جاوید تیر کے نشان پر،سابق صوبائی وزیر ملک عمر فاروق آزاد حیثیت سے، سابق ایم این اے رضا نصر اللہ گھمن حقہ کے نشان پرمیدان میں ہیں۔

حلقہ این اے 100فیصل آباد میں کل 15امیدوار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں جن میں سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان شیر کے نشان پر،جماعت اسلامی کے معاذ رندھاوا ترازو کے نشان پر، آزاد حیثیت سے ڈاکٹر نثار احمد جٹ انتخابی نشان مور،پاکستان پیپلز پارٹی کی سدرہ سعید بندیشہ تیر کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔حلقہ این اے 101میں 33امیدوار میدان میں اترے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے میاں عرفان احمدمنان،جماعت اسلامی کے محمد مشتاق ترازو کے نشان پر اورآزاد حیثیت سے رانا عاطف انتخابی نشان بوتل حصہ لے رہے ہیں۔

حلقہ این اے 102میں 40امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق وزیر مملکت چوہدری عابد شیر علی شیر کے نشان پر،آزاد حیثیت سے چنگیز خاں کاکڑ شٹل کاک کے نشان پر،تحریک لبیک کے راجہ سلیم عابد کرین کے نشان پر،جماعت اسلامی کے ظفر حسین خان ترازو کے نشان پر،پاکستان پیپلز پارٹی کے نعیم دستگیر تیر کے نشان پر، عادل رفیع چیمہ آزاد حیثیت سے ایئر کولر کے نشان پربرسرپیکار ہوں گے۔

حلقہ این اے 103میں 45امیدوار ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق سدا بہار ایم این اے حاجی اکرم انصاری،آزاد حیثیت سے سابق وفاقی وزیرمیاں زاہد سرفراز کے صاحبزادے علی سرفراز شٹل کاک کے نشان پر،تحریک لبیک کے محمد غلام رسول کرین کے نشان پر،پاکستان پیپلز پارٹی کے رانا مبشر حسین تیر کے نشان پر اور جماعت اسلامی کے شیخ افضال شاہین ترازو کے نشان پر حصہ لے رہے ہیں۔

اسی طرح فیصل آباد کے حلقہ این اے 104میں 28امیدوار آمنے سامنے ہیں جن میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سابق اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے صاحبزادے راجہ دانیال شیر کے نشان پر،آزاد حیثیت سے صاحبزادہ حامد رضا انتخابی نشان مینار،جماعت اسلامی کے حافظ محمد ابو بکر ترازو کے نشان پر اورپاکستان پیپلز پارٹی کے بشارت علی تیر کے نشان پرقومی اسمبلی کے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔