سندھ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر متعدد امیدواروں کو جرمانے اور نوٹسز جاری

جمعرات 1 فروری 2024 22:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ کی ہدایات پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور مانیٹرنگ ٹیموں کی انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں جاری ہیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو کراچی سائوتھ میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور وضاحت نہ دینے پر خرم شیر زمان پر 50ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا ہے جبکہ کراچی ایسٹ میں خلاف ضابطہ اقدامات پر این اے 248 کے امیدوار محمد حسن خان پر 48 ہزار روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

پی ایس 6کشمور میں اسلحہ کی نمائش پر این اے 191 کے امیدوار علی جان مزاری اور پی ایس 6 کے امیدوار محبوب بجارانی کو نوٹس جاری کردیا جبکہ سکھر میں انتخابی مہم کے دوران فائرنگ پر امیدوار کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انعقاد کے لئے کسی قسم کی کوتاہی اور خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔