پشاور، ایس پی ورسک ڈویژن تیمور خان کی سربراہی میں عام انتخابات کی مناسبت سے اجلاس

جمعہ 2 فروری 2024 17:42

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) ایس پی ورسک ڈویژن تیمور خان کی سربراہی میں ورسک ڈویژن کے پولیس افسران کے ساتھ آنے والے عام انتخابات کی مناسبت سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ایس ڈی پی اوز ،ایس ایچ اوز، انچارج چوکیات اور محرران نے شرکت کی۔ ایس پی تیمور خان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں الیکشن سکیورٹی پلان اور دیگر اہم امور زیر بحث لائے گئے۔

اجلاس کے دوران ایس پی تیمور خان نے واضح کیا کہ پرامن انتخابات کا انعقاد پشاور پولیس کی اولین ترجیح ہے جس کے لئے ورسک ڈویژن پولیس تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جا رہاہے۔ ایس پی تیمور خان نے دوران الیکشن غیر جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پر امن انتخابات کے انعقاد کو ہر صورت یقینی بنانے،اسلحہ نمائش، ہوائی فائرنگ و ڈبل سواری کی پابندی پر عمل درآمد کرانے اور شرپسند عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں ایس پی تیمور خان نے انتخابی مٹیریل کی بحفاظت ترسیل اور عملہ کی حفاظت کو بھی ہرصورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پولیس افسران کو الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کئے گئے الیکشن کوڈ آف کنڈکٹ سمیت الیکشن سکیورٹی انتظامات، ضابطہ اخلاق کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے انتخابی عمل کے پرامن انعقاد کو ہر صورت ممکن بنانے کی بھی ہدایت دی گئی۔