آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے آٹھ نکات پراتفاق اور اتحاد کیا ہے :صاحبزادہ ابوالخیرمحمد زبیر

ہفتہ 3 فروری 2024 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر سے گزارش کی کہ وہ انتخابات میں پی پی پی کے ساتھ تعاون کریں انہوں نے ہماری گزارش پر اپنے امیدوار پی پی پی کے حق میں دستبردار کردئیے جس پر ہم سب بلکہ ہماری پارٹی ان کی شکر گزار ہے جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر نے کہا کہ جے یو پی کا پی پی پی سے تعاون بہت پرانا ہے میرے قائد علامہ شاہ احمد نورانی نے پی پی پی کے بانی رہنما ذوالفقار علی بھٹوکے ساتھ ملکر73ء کا آئین بنایا اور اس میں اسلامی شقیں رکھوائیںپھر پی پی پی کے ساتھ تعاون کر کے تحفظ ختم نبوت قانون منظور کرایا ۔

آج ہم نے اپنے قائد علامہ شاہ احمد نوارانی کے نقش قدم پرچلتے ہوئے پی پی پی کے امیدوار وسیم راجپوت،عاجز دھامرہ،فریدقریشی، عبدالجبار خان،طارق جاموٹ کے حق میں اپنے امیدواروں کو دستبردار کرنے کا اعلان کررہے ہیںاس سلسلہ میں ہم نے پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کر کے آٹھ نکات پراتفاق اور اتحاد کیا ہے جس میں سب سے اہم شق شاہ احمد نورانی اور ذوالفقار علی بھٹو کی مشترکہ کوششوںسے بننے والے آئین کی بالادستی کو قائم کرنا ہے اور اس کی روشنی میں ملک کے اندر مذہبی لسانی عصبیتوں کو ختم کرنا ہے اور دینی شرعی اور مذہبی معاملات جے یو پی کی مشاورت سے حل کرنے ہیں ۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس میں شرجیل انعام میمن ،وسیم راجپوت،عاجز دھامرہ،عبدالرحمن راجپوت،ناظم علی آرائیں،قاضی احمد نورانی،محمد رضوان شیخ ،محمد اسلم آرائیں،فرید قریشی ،ڈاکٹر یونس دانش بھی موجود تھے۔