مسلم لیگ (ن) عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالے گی، چوہدری ارمغان سبحانی

منگل 6 فروری 2024 17:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار قومی اسمبلی این اے 70 چوہدری ارمغان سبحانی نے کہا ہے کہ وطن عزیز میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے عوام مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیں ، ہماری پارٹی کی سیاست کا مقصد صرف اور صرف عوامی خدمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) قائد میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں عوام کو مہنگائی، بے روزگاری اور مایوسی کے اندھیروں سے نکالے گی اور ہمارا ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے تمام ورکر، سپورٹر اور ہمدرد ملک اور قوم کو مسائل سے چھٹکارا دلانے کے لئے 8 فروری کو پارٹی کے نامزد امیدواروں کے حق میں شیر پر مہر ثبت کر کے پارٹی سربراہ میاں محمد نواز شریف کے وژن کی تقلید کریں ، آنے والا دور مسلم لیگ (ن) کا ہے ، وفاق سمیت تمام صوبوں میں (ن) لیگ کی حکومت ہوگی، عوام پارٹی کے نامزد امیدواروں کے انتخابی نشان شیر پر ٹھپہ لگا کر ان کی کامیابی کو یقینی بنا کر ملک کو معاشی، اقتصادی، توانائی بحرانوں کےساتھ ساتھ مہنگائی، بے روزگاری سے چھٹکارا دلانے کیلئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں کیونکہ وہی ملک کو اس بحرانی کیفیت سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی مقبولیت سے واضح ہو گیا ہے کہ مسلم لیگ ن پہلے بھی ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تھی اور آج پہلے سے بھی بڑھ کر مستحکم ہے۔ 8 فروری کو (ن) لیگ بڑی لیڈ کے ساتھ کامیاب ہو کر مرکز سمیت صوبوں میں بھی حکومت قائم کرے گی۔