الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری

غیر حاضری اور موبائل فون بند رکھنے پر این اے 95 کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کر دیاگیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 7 فروری 2024 14:29

الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 فروری2024 ء) الیکشن ڈیوٹی سے انکار پرخاتون لیکچررزکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے،غیر حاضری اور موبائل فون بند رکھنے پر این اے 95 کا ریٹرننگ افسر تبدیل۔بتایاگیا ہے کہ عام انتخابات میں الیکشن ڈیوٹی نہ دینے والے ملازمین کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی حوالے سے ریٹرننگ آفیسر نے ایک ٹیچر کی گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

این اے 121 کے ریٹرنگ آفیسرنے الیکشن ڈیوٹی سے انکار پر کوٹ خواجہ سعید کی لیکچرز کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، تاہم خاتون کی گرفتاری کے متعلق کسی قسم کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔آر اوز کا کہنا تھا کہ ا سکولوں میں پولنگ اسٹیشن قائم کرنے سے روکنے پر بھی کارروائی ہوگی، گزشتہ روز ایف سی کالج کے پاس نجی اسکول کی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے سے منع کیا تھا آر او کی جانب سے وارننگ پر نجی اسکول کی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشن قائم کرنے دیا۔

(جاری ہے)

دریں اثناءغیر حاضری اور موبائل فون بند رکھنے پر این اے 95 کا ریٹرننگ افسر تبدیل کر دیاگیا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ریٹرننگ افسر کے ڈیوٹی سے دانستہ غیرحاضری اور موبائل فون مسلسل بند کرنے کا نوٹس لیا ہے۔اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 95 فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر کو تبدیل کر دیاگیا، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری پنجاب کو متعلقہ افسر کیخلاف کارروائی اور معطلی حکم دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر این اے 95 فیصل آباد کیخلاف انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ڈاکٹر اسفندیار کی بطور ریٹرننگ افسر این اے 95 فیصل آباد تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔یاد رہے کہ سجاول اور سیہون میں الیکشن ڈیوٹی سے غیر حاضر سرکاری ملازمین کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا گیا تھا۔سجاول کے حلقے پی ایس 74 سے انتخابات کی ڈیوٹی سے غیر حاضر 300 سے زائد اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے گئے تھے، وارنٹ جاری ہونے والوں میں میڈیکل افسران، اساتذہ و دیگر سرکاری ملازمین شامل تھے۔

سیہون سے الیکشن ڈیوٹی سے 134 سرکاری ملازمین غیر حاضر تھے۔ریٹرننگ افسران کا کہنا تھاکہ ایس ایس پی سجاول غیر حاضر ملازمین کو گرفتار کر کے پیش کریں، ملازمین کی اکثریت نے حاضری کی یقین دہانی کرائی تھی۔