لاہور،پولنگ کا عمل شروع ہو گیا

جمعرات 8 فروری 2024 08:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2024ء) قومی انتخابات 2024 صوبائی دارالحکومت میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہو گیا۔ پاک فوج اور دیگرسکیورٹی اداروں کی نگرانی میں پولنگ کا عمل صبح 8 سے شام5 بجے تک جاری رہے گا۔عام انتخابات 2024میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی کل 30 جبکہ صوبائی اسمبلی کی 14 سیٹوں سمیت قومی و صوبائی اسمبلی کی 44نشستوں پر 1079امیدوار مدمقابل ہیں۔

صوبائی دارالحکومت لاہور سے قومی اسمبلی کی 14نشستوں پر 266امیدوار پنجہ آزمائی کر رہے ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کے 30حلقوں میں 813 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔این اے 120 میں سب سے زیادہ 27امیدوار مدمقابل ہیں جبکہ این اے 118میں سب سے کم 18 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 161میں سب سے زیادہ 46امیدوار مد مقابل ہوں گے جبکہ پی پی 150میں سب سے کم 13امیدوار قسمت آزمائیں گے۔

(جاری ہے)

آزادنہ ،منصفانہ و شفاف انتخابات کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں دفعہ 144کے تحت ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش پر12فروری تک پابندی عائد ہے ۔ قبل ازیں پولنگ بوتھس پر الیکشن کے سامان کی ترسیل کا کام بھی بروقت مکمل کر لیا گیا ۔ صوبائی دارالحکومت میں پولنگ اسٹیشنزکو3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں اے ،بی اور سی کیٹگری شامل ہیں۔

لاہور میں 4 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں ، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے جبکہ شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ریٹرننگ اورپریذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات دے دیئے گئے ہیں۔واضح رہے کہ صوبہ بھر میں 144قومی اور 297صوبائی حلقوں میں عام انتخابات کیلئے پولنگ ہو گی،قومی وصوبائی اسمبلی کی سیٹوں کیلئے50 ہزار9 سو پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں'ان پولنگ اسٹیشنز میں28297نارمل جبکہ 15617حساس اور 6040انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں'کل 524070 پولنگ عملہ اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔صوبہ بھر میں 7کروڑ 42لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔