ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پرمعطل رہی ، عوام کو مشکلات کا سامنا

جمعرات 8 فروری 2024 14:59

ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پرمعطل رہی ، عوام کو مشکلات کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) عام انتخابات کے سلسلے میں ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کاسامنا رہا ۔ ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ امن و امان قائم رکھنے، ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ،کراچی، لاہور اور کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں موبائل سروس متاثر رہی۔بلوچستان کے تقریباً تمام اضلاع میں موبائل فون سروس متاثر ہوئی، موبائل و انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا ۔پشاور میں بھی پولنگ شروع ہونے سے پہلے موبائل سروس متاثر ہوئی۔

(جاری ہے)

پشاور کے علاقے صدر، نوتھیہ اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثر ہوئی۔

اس کے علاوہ سکھر، حیدرآباد، جعفرآباد، لکی مروت گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس متاثرہوئی۔حافظ آباد، راجن پور، جیکب آباد، مٹیاری، ٹھٹہ اور میرپورخاص میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس متاثر ہو ئی ۔ٹنڈومحمدخان، دادو اور ان کے نواحی علاقوں میں موبائل سروس جزوی معطل رہی۔رپورٹ کے مطابق کلر سیداں این اے 51 میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل رہی۔خیبر کے ضلع بھر میں موبائل فون اور نیٹ سروس معطل رہی۔ سوات کے ضلع بھر میں، وہاڑی اور گردونواح اور جہانیاں کے مختلف علاقوں میں انٹر نیٹ سروس معطل رہی۔اطلاعات کے مطابق ضلع ہنگو میں بھی انٹر نیٹ سروس بند رہی۔