انٹرنیٹ سروسز کی بندش سے آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات ،سروسز کی خدمات کو شدید دھچکا لگا‘ نعمان سعید

جمعرات 8 فروری 2024 17:15

انٹرنیٹ سروسز کی بندش سے آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات ،سروسز کی خدمات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2024ء) معروف پاکستانی ٹیک انٹرپرینیور ،سرمایہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے سرپرست نعمان سعید نے مشاورت کے بغیر ملک بھر میں انٹر نیٹ سروسزکی بندش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے آئی ٹی انڈسٹری کی برآمدات اور سروسز کی خدمات کو شدید دھچکا لگاہے،انٹرنیٹ آئی ٹی انڈسٹری کیلئے لائف لائن ہے اور صرف ایک روز کی بندش سے آئی ٹی کی برآمدات اور سروسز کے معاہدے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

اپنے بیان میں نعمان سعید نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری اور اس کی سروسز کو پہلے ہی گورننس کے کمزور ڈھانچے ، پالیسیوں میں تسلسل نہ ہونے ،بے پنا ہ پیداواری لاگت اورغیر مسابقتی چیلنجوں کا سامنا ہے اور اب گزشتہ روز کے اچانک اور غیر معمولی فیصلے کی وجہ سے اسے بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے آئی ٹی انڈسٹری اور اس سے وابستہ لوگوں کے لیے فوری طور پر انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انٹرنیٹ سروسز کا معیار پہلے ہی غیر معیار ی ہے اورکوئی بھی بین الاقوامی خریدار یہ عذر قبول نہیں کرے گا کہ انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اس کے معاہدے کو طے شدہ شیڈول کے مطابق مکمل نہ کیا جائے۔

اس طرح کے اقدامات کی وجہ سے پاکستانی کمپنیوں اور آئی ٹی پروفیشنلز کی بین الاقوامی مارکیٹ میں ساکھ بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عام تعطیل کی وجہ سے زیادہ تر آئی ٹی پروفیشنلز گھر سے کام کر تے ہیں تاہم انٹر نیٹ سروسز کی بندش کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔نعمان سعید نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری اور سروسز کے شعبے سے منسلک لوگوں کو اس طرح کی پابندی سے استثنیٰ ملنا چاہیے اور ہم امید کرتے ہیں کہ نگران وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی عمر سیف حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے فوری مداخلت کریں گے ۔