Live Updates

سکولوں سے باہرپاکستانی بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا قومی ترجیح ہے، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی کی یونیسکو کے سربراہ سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 3 ستمبر 2025 17:34

سکولوں سے باہرپاکستانی بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا قومی ترجیح ہے، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں لاکھوں بچے ابھی تک سکول سے باہر ہیں اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا قومی ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی و ثقافتی ادارے (یونیسکو) کے سربراہ فواد پاشایف سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب اور وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ فواد پاشایف نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا اور یونیسکو کی جانب سے مکمل تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں یونیسکو کے پاکستان میں جاری منصوبوں پر غور کیا گیا، خصوصاً تعلیم، ثقافت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں۔

(جاری ہے)

اس دوران اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جن میں سکول سے باہر بچوں بالخصوص بچیوں کا مسئلہ، زرعی اور سماجی علوم کے حوالے سے چیلنجز شامل تھے۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بچیوں کی تعلیم کے ایجنڈے پر یونیسکو کے قریبی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پاکستان یونیسکو کے ساتھ مل کر تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اساتذہ کی صلاحیت میں اضافے کے لیے کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں بچے ابھی تک سکول سے باہر ہیں اور ان کے مستقبل کو محفوظ بنانا قومی ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی تربیت کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔یونیسکو کے سربراہ فواد پاشایف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان تعلیم کے شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے یونیسکو اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ قریبی شراکت داری جاری رکھے گا۔

سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے پاکستان اور یونیسکو کے درمیان تعاون کو ’’ثابت قدم اور نتیجہ خیز‘‘قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ سکول سے باہر بچوں کے مسئلے کے حل کے لیے ایک مسودہ منصوبہ پہلے ہی تیار کیا جا چکا ہے۔ مزید یہ بھی بتایا کہ رسمی تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر رسمی تعلیم پر بھی وزارت توجہ دے رہی ہے اور زیرو آئوٹ آف سکول چلڈرن پلان 2030 کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ملاقات کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ازبکستان میں ہونے والے آئندہ یونیسکو جنرل کونسل کے اجلاس میں پاکستان بھرپور شرکت کرے گا۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات