چیئرمین سینیٹ کا بی این پی کے جلسے پر خودکش حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار

بدھ 3 ستمبر 2025 17:10

چیئرمین سینیٹ کا بی این پی کے جلسے پر خودکش حملے کے نتیجے میں ہونے والے ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے جلسے پر ہونے والے خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ قومی یکجہتی اور سیاسی سرگرمیوں کے دوران دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں بیگناہ شہریوں کی جان جانا نہایت افسوسناک اور ناقابلِ برداشت ہے، یہ حملہ دراصل پاکستان میں سیاسی و جمہوری رواداری پر حملہ ہے، تاہم دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خودکش حملے میں بی این پی کے کارکنوں سمیت متعدد شہری جان بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، جو پوری قوم کے لیے دلی صدمے کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔چیئرمین سینیٹ نے اس افسوسناک سانحے کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے قافلے کو بھی نشانہ بنائے جانے پر ان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ دکھ کی اس گھڑی میں سردار اختر مینگل اور ان کے رفقاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے واقعہ کی شفاف، جامع اور بروقت تحقیقات یقینی بنائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔چیئرمین سینیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ اس المناک سانحے کو سیاسی فوائد یا نقصان کا ذریعہ نہ بننے دیں بلکہ ملکی سلامتی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔