Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ہلالِ احمر خیبرپختونخوا کے نومنتخب چیئرمین فرزند علی وزیر کی ملاقات

بدھ 3 ستمبر 2025 17:00

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی   سے ہلالِ احمر  خیبرپختونخوا کے ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ہلالِ احمر خیبرپختونخوا کے نومنتخب چیئرمین فرزند علی وزیر نے گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔گورنر ہاؤس پشاور تر جمان کے مطابق ملاقات میں صوبے میں جاری انسانی ہمدردی کی سرگرمیوں، متاثرینِ سیلاب کی بحالی اور مستقبل کے فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہلالِ احمر نے سیلاب کی مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو فوری اور بروقت امداد فراہم کر کے اپنی اعلیٰ خدمات ثابت کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ متاثرین کو صرف وقتی ریلیف دینے کے بجائے اُن کی مستقل بحالی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ دی جائے تاکہ وہ دوبارہ باعزت زندگی گزار سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے منصوبہ بندی، آگاہی اور رضا کاروں کی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہلالِ احمر کو صوبائی حکومت کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اُمید ظاہر کی کہ فرزند علی وزیر کی قیادت میں ادارہ مزید فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گا۔نومنتخب چیئرمین فرزند علی وزیر نے گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہلالِ احمر کے پلیٹ فارم سے متاثرہ افراد کی خدمت کو اولین ترجیح دیں گے اور ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر کے بورڈ ممبران کا بھی اس اعتماد پر مشکور ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات