Live Updates

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت پاکستان انجمن ہلال احمرخیبرپختونخوا برانچ کا عمومی اجلاس

بدھ 3 ستمبر 2025 17:34

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت  پاکستان انجمن ہلال احمرخیبرپختونخوا ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2025ء) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت بدھ کو پاکستان انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا برانچ کا سالانہ عمومی اجلاس گورنر ہاؤس میں منعقدہوا۔تر جمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق اجلاس میں فرزند علی وزیر کی بطور چیئرمین انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا برانچ تعیناتی کی متفقہ منظوری دی گئی۔

فرزند علی وزیر کو آئندہ 3 سال کیلئے انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا برانچ کا چیئرمین تعینات کیا گیا۔فرزند وزیر کی نامزدگی سابقہ چیئرمین حبیب ملک اورکزئی کی مدت ملازمت مکمل ہونے پر کی گئی۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا کو انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کی دونوں برانچز کی جانب سے سیلاب متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہلال احمر کی دونوں برانچز سیلاب متاثرہ اضلاع بونیر، صوابی، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، باجوڑ میں فعال خدمات انجام دے رہی ہیں۔متاثرین کو روزمرہ کی اشیاء، تیار کھانا، صاف پینے کا پانی اور موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے روزانہ بنیادوں پر طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب متاثرہ خاندانوں کو انجمن ہلال احمر کی جانب سے فی خاندان 45ہزار رقم بھی جلد فراہم کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایاگیاکہ سیلاب متاثرہ اضلاع میں خواتین کی امداد کیلئے پی آرسی ایس کی 70 فیصد رضاکار بھی امدادی ٹیم میں شامل ہیں، سندھ اور بلوچستان حکومت کیجانب سے سیلاب متاثرین کیلئے بجھوایا جانیوالا امدادی سامان ضلع بونیر و دیگر سیلاب متاثرہ اضلاع کے مستحقین میں تقسیم کیا جا رہا ہے، ڈی آئی خان کے سیلاب سے متاثرہ 10 دیہی علاقوں میں بھی انجمن ہلال احمر کی جانب سے امدادی ٹیمیں متاثرین کی امداد کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔

اجلاس میں پی آر سی ایس کی کمیٹیوں کی کارکردگی رپورٹ باقاعدگی سے اراکین کے ساتھ شئیر نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اراکین کے تحفظات پر تمام کمیٹیوں کو باقاعدگی کیساتھ 15 روز میں کارکردگی رپورٹ شئیر کرنیکی ہدایت کی۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا نے فلیش فلڈ متاثرین کیلئے بروقت امدادی سامان بجھوانے پر سندھ اور بلوچستان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے انجمن ہلال احمر پنجاب کی ٹیم صوبہ کے سیلاب متاثرہ اضلاع بجھوانے پر گورنر پنجاب کا بھی شکریہ ادا کیا۔گورنرنے کہاکہ خیبرپختونخوا میں اب ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات خطرناک حد تک بڑھ گئے ہیں،انجمن ہلال احمر کو اپنی استعداد بڑھانے کیلئے پہلے سے زیادہ سخت محنت کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ میں سیلابی صورتحال تاحال ختم نہیں ہوئی۔

انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کی دونوں برانچز ملکی و غیر ملکی ڈونرز اداروں کیساتھ مؤثر روابط یقینی بنائیں،حالیہ مشکل سیلابی حالات میں انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم کی امدادی سرگرمیاں قابل تحسین ہیں۔گورنرنے کہاکہ پی آر سی ایس خیبرپختونخوا اب متاثرین سیلاب کی بحالی، رہائشگاہوں کی ازسر نو تعمیر کیلئے فعال کردار ادا کرے۔

متاثرین سیلاب کو اب ٹینٹس سے نکال کر انکے گھروں کی تعمیر پر پوری توجہ و محنت درکار ہے۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا سمیت تمام اراکین نے مدت ملازمت مکمل کرنیوالے سابق چئیرمین حبیب ملک اورکزئی کی شاندار خدمات کو بھی سراہا۔اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی، احسان اللہ خان میانخیل،چیئرمین ہلال احمر خیبرپختونخوا فرزند علی وزیر، چیئرمین انجمن ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر، ڈاکٹر حنا کرامت، ڈاکٹر شفقت اللہ وزیر،لاجبر خان ایڈووکیٹ، جہانزیب محسود،اسامہ یاوراور دیگر نے شرکت کی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات