عوام کے فیصلے اور نواز شریف پر اعتماد کے باعث مسلم لیگ(ن) آگے بڑھے گی،رانا ثنااللہ

جمعرات 8 فروری 2024 22:38

عوام کے فیصلے اور نواز شریف پر اعتماد کے باعث   مسلم لیگ(ن)  آگے بڑھے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 فروری2024ء) حلقہ این اے 100 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ میں بہت اہمیت کا حامل ہے۔ عوام کے فیصلے اور نواز شریف پر اعتماد کے باعث مسلم لیگ(ن) آگے بڑھے گی۔بہت جلد عام آدمی کو ریلیف ملے گااوراس کی مشکلات میں کمی آئےگی۔جمعہ کوسمن آباد فیصل آباد میں میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن اللہ کے فضل وکرم سے پرامن گزرا ہے اور بہت اچھے ماحول میں پولنگ ہوئی جس کیلئے میں الیکشن کمیشن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کیونکہ انہوں نے بہت اچھے انتظامات کئے اوران کے عملہ نے انتہائی فرض شناسی کے ساتھ سرگرم ہوکر کام کیااور فیصل آباد سمیت تمام شہروں میں امن وامان کی صورتحال خوشگوار رہی اور ووٹرز نے انتہائی پرامن ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ رات کو رزلٹ آئیں گے اور قوم اپنی کامیابی کا جشن منائے گی اور اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان اس کرائسزسے نکلے گا اورتعمیر وترقی کی جانب آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے لوگ بڑے جوش اور جذبے سے نکلے ہیں ۔الیکشن کے روز موبائل فون سروس بند ہونے کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن پر موبائل فون سروس کی بندش پر اعتراض پر افسوس ہے کیونکہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور وہ دہشت گردی کے واقعات جس طریقہ کار کے تحت ہوئے اس کے بعد اگر یہ سروس بند کی گئی ہے توانتظامیہ نے اور متعلقہ اداروں نے بالکل درست فیصلہ کیا ہے۔

لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ضروری تھااور یہ درست فیصلہ تھا،جہاں تک رابطے میں دشواری کا سوال ہے تو میں نے پورے حلقے میں لینڈ لائن نمبروں پراپنے لوگوں سے رابطہ کیا ہے دوسرے لوگوں نے بھی رابطہ کیا ہے۔