(ن )لیگ کا قلعہ آزاد امیدوار نے فتح کر لیا، احمد چٹھہ قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر کامیاب

جمعہ 9 فروری 2024 22:24

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2024ء) (ن )لیگ کا قلعہ آزاد امیدوار نے فتح کر لیا، احمد چٹھہ قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹ پر کامیاب ہوگئے، مسلسل پانچ الیکشن جیتنے والی ن لیگ اپنی سیٹوں سے محروم ہوگئے۔پی پی 35 سے لیگی امیدوار کامیاب ہوئے ،جماعت اسلامی اور تحریک لبیک کے امیدوار دوڑ میں پیچھے رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع وزیرآباد کی واحد قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی دو سیٹوں پر حیران کن نتائج سامنے آئے ہیں۔

گزشتہ تین جنرل الیکشن اور دو ضمنی الیکشن مسلسل جیتنے والی ن لیگ اپنی دو سیٹوں سے ہاتھ گنوا بیٹھی۔ این اے 66 میں سابق لیگی ایم این اے ڈاکٹر نثار چیمہ اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار محمد احمد چٹھہ کے درمیان مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں نثار چیمہ 100633 ووٹ حاصل کر پائے جبکہ انکے مقابل محمد احمد چٹھہ نے 160676 ووٹ حاصل کر کے 60 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیابی اپنے نام کی۔

(جاری ہے)

صوبائی حلقہ پی پی 36 سے بھی محمد احمد چٹھہ نے ن لیگ کے امیدوار کو چاروں شانے چت کر دیا۔ آر او کی جانب سے جاری کئے گئے فارم 47 کے مطابق لیگی امیدوار عدنان افضل چٹھہ 49228 نے ووٹ حاصل کئے جبکہ محمد احمد چٹھہ ووٹ 87549 حاصل کر کے کامیابی سمیٹی۔ حلقہ پی پی 35 سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار چوہدری محمد یوسف اور لیگی امیدوار وقار چیمہ کے درمیان مقابلہ دیکھنے میں آیا جس میں چوہدری یوسف ووٹ 59798 حاصل کر سکے اور انکے مد مقابل وقار چیمہ نے 60962 ووٹ حاصل کر کے تقریباً بارہ سو ووٹوں کی برتری سے کامیابی اپنے نام کی۔

چوہدری یوسف کے حامیوں نے وقار چیمہ کی جیت کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ تاخیر سے رزلٹ جاری کر کے نتائج تبدیل کئے گئے جس کو وہ عدالت میں ثابت کریں گے۔ واضح رہے کہ ن لیگ وزیرآباد سے تین جنرل اور 2 ضمنی مجموعی طور پر پانچ الیکشن کے بعد اپنی جیتی سیٹ سے ہاری ہے۔