عام انتخابات2024 میں شکست،سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کی ضمانت ضبط ہوگئی

ہفتہ 10 فروری 2024 22:09

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 فروری2024ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشد کی عام انتخابات میں شکست کے بعد ضمانت ضبط ہوگئی،سربراہ عوامی مسلم لیگ نے عام انتخابات میں راولپنڈی کے حلقہ این اے 56میں 2 لاکھ 19 ہزار 148 کاسٹ ہونیوالے ووٹوں صرف 5 ہزار 725 ووٹ حاصل کر سکے۔ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد صرف 5725 ووٹ حاصل کر سکے جس سے ان کی ضمانت ہی ضبط ہو گئی۔

اس حلقہ میں 251274 خواتین سمیت مجموعی طور پر 523733 ووٹروں میں سے 219148 ووٹروں سے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جن میں سے 4156 ووٹ مسترد قرار دیے گئے اس طرح ووٹوں کا تناسب 41.84 فیصد رہا۔ این اے 56میں 30 امیدواروں کے درمیان مقابلے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حنیف عباسی 96 ہزار 649 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔

(جاری ہے)

جبکہ ان کے مدمقابل آزاد امیدوار شہر یار ریاض 82 ہزار 613 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جبکہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد صرف 5725 ووٹ حاصل کر سکے جس سے ان کی ضمانت ہی ضبط ہو گئی۔اسی طرح قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 51 مری کم راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ ن کے راجہ اسامہ سرور 1 لاکھ 49 ہزار 250 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار جاوید اختر عباسی 31 ہزار 809 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور راجہ خرم زمان 2966 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 52 راولپنڈی 1 سے پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار راجہ پرویز اشرف نے 1 لاکھ 12 ہزار 265 ووٹوں کے ساتھ مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ محمد اخلاص جاوید کو شکست دے دی، راجہ محمد جاوید اخلاص نے 72 ہزار 62 ووٹ حاصل کئے۔این اے 53 راولپنڈی 2 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار راجہ قمر الاسلام 72 ہزار 6 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے جبکہ آزاد امیدوار اجمل صابر راجہ 58 ہزار 476 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور چودھری نثار علی خان 44 ہزار 72 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

این اے 54 راولپنڈی 3 سے آزاد امیدوار عقیل ملک 85 ہزار 912 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ آزاد امیدوار عذرا مسعود 73 ہزار 694 ووٹوں کے ساتھ دوسرے اور آزاد امیدوار چودھری نثار علی خان 19 ہزار 93 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔