Live Updates

ن لیگی رہنماؤں کی شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز

پارٹی میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مریم نواز مضبوط امیدوار بن گئیں

Sajid Ali ساجد علی اتوار 11 فروری 2024 22:09

ن لیگی رہنماؤں کی شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 فروری 2024ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے شہبازشریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز دے دی جب کہ پارٹی میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ کیلئے مریم نواز مضبوط امیدوار بن گئیں۔ میڈیا رپورٹس میں پارٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی کا اعلی سطح کا اجلاس ہوا، لاہور میں ہونے والے اس اجلاس مسلم لیگ ن نے پنجاب میں صوبائی حکومت بنانے کے لیے ابتدائی پیپر ورک مکمل کرلیا۔

ذرائع سے معلوم ہوا ہے اجلاس میں کچھ شرکاء نے شہباز شریف کو وزیراعظم کے طور پر امیدوار نامزد کرنے کی تجویز دے دی، اجلاس کے دیگر شرکاء کی جانب سے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی تجویز کی حمایت کی گئی، تاہم اجلاس کے دوران پارٹی قیادت نے مسلم لیگ ن کے وزارت عظمی کے امیدوار کے حتمی فیصلے کا اختیار شریف برادران پر چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پارٹی میں وزیراعلی پنجاب کے لئے مریم نواز اب تک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئی ہیں، ان کے بطور وزیراعلی پنجاب نام پر پارٹی میں مزید مشاورت جاری ہے، مسلم لیگ ن شہباز شریف اور مریم نواز کے نام اپنے ممکنہ اتحادیوں کے سامنے رکھے گی، اور ان عہدوں کے لیے پی پی پی، ایم کیو ایم، جمیعت علماء اسلام ف اور دیگر کی حمایت لینے کی کوشش کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدر مملکت اور چیئرمین سینیٹ کے عہدے اتحادیوں کو دینے جب کہ اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی مسلم لیگ ن کے پاس رکھنے کی تجاویز بھی سامنے آئیں، تاہم مسلم لیگ ن حکومت سازی سے متعلق اپنی تجاویز اتحادیوں کے سامنے رکھ کر متفقہ فیصلے کرنے کی خواہشمند ہے، اس لیے حتمی فیصلہ پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ مذاکرات کے فائنل راؤنڈ کے بعد کیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات