انتخابات کے بعد اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں

8 فروری کے الیکشن کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہزاروں پوائنٹس گر گئی، سرمایہ کاروں کے 325 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے

muhammad ali محمد علی پیر 12 فروری 2024 19:01

انتخابات کے بعد اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 فروری 2024ء) انتخابات کے بعد اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں، 8 فروری کے الیکشن کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج ہزاروں پوائنٹس گر گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج 3 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی کا شکار ہو گئی۔

معاشی ماہرین کے مطابق عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کے تنازعے اور کسی بھی جماعت کو سادہ اکثریت نہ ملنے کے باعث مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورتحال میں اضافہ ہوا ہے۔ اسی باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی کا رجحان دیکھا گیا۔ کاروباری دن کے آغاز پر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 2200 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، تاہم کاروباری روز کا اختتام ہر 1878 پوائنٹس کی کمی کیساتھ ہوا، جس کے بعد 100 انڈیکس 61 ہزار 65پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔

(جاری ہے)

مندی کے سبب 85 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 2 کھرب 64 ارب 52 کروڑ 29 لاکھ 398 روپے ڈوب گئے۔ اس سےقبل انتخابات کے بعد اگلے روز یعنی جمعہ 9 فروری کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 1200 پوائنٹس کی تنزلی پر بند ہوا تھا۔ یعنی الیکشن کے بعد صرف 2 کاروباری ایام میں اب تک پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس مجموعی طور پر 3 ہزار 78 پوائنٹس کی کمی کا شکار ہو چکا۔

2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کے باعث مجموعی طور پر سرمایہ کاروں کے 325 ارب روپے سے زائد ڈوب گئے۔ جبکہ دوسری جانب پاکستانی روپے کی قدر میں بھی کمی ہوئی ہے۔ پیر کے روز انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں 5 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 33 پیسے پر بند ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 25 پیسے اضافے کیساتھ 281 روپے 25 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔