ابراہیم زدران سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں افغانستان ٹیم کی قیادت کریں گے

منگل 13 فروری 2024 15:11

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) افغانستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ابراہیم زدران ایک مرتبہ پھر آئی لینڈرز کے خلاف آئندہ تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم قیادت کریں گے،۔افغانستان کی ٹی ٹونٹی ٹیم کے باقاعدہ کپتان راشد خان کمر کی سرجری کے بعد بحالی صحت کے عمل سے گزر رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مجیب زدران کو آئی لینڈرز کے خلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل دائیں ہاتھ میں موچ آئی تھی جس کی وجہ سے وہ بھی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں انتخاب سے محروم ہیں جبکہ تیز گیند باز محمد سلیم صافی کو ہیمسٹرنگ انجری کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہیان کی جگہ وفادار مومندکو ٹی 20 سیریز کے لئے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، انہوں نے گزشتہ سال جولائی میں افغانستان کے لیے ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلا تھا۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کا آغاز 17 فروری کو پہلے میچ سے ہوگا جو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔افغانستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر احمد شاہ سلیمان خیل نے کہا کہ ہم آنے والیٹی 20 ورلڈ کپ پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، جس کے لیے ہم جونیئرز اور سینئرز دونوں پر مشتمل کھلاڑیوں کا ایک بہت اچھا مرکب تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی لینڈرز کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے علاوہ رواں سال مارچ میں آئرلینڈ کے خلاف تین ٹی ٹونٹی سیریز سے ہمیں اپنی ٹیم کی کارکردگی کو مزید جانچنے کا موقع ملے گا اور میگا ایونٹ کے لیے ایک اچھا سکواڈ بنائیں گے ۔

آئی لینڈرز کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے لئے افغانستان کی اعلان کردہ سکواڈ میں ابراہیم زدران (کپتان)، رحمان اللہ گرباز (وکٹ کیپر)، محمد اسحاق رحیمی (وکٹ کیپر)، حضرت اللہ زازئی، گلبدین نائب، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، عظمت اللہ عمرزئی، کریم جنت، شرف الدین اشرف، فضل حق فاروقی، فرید احمد، نوین الحق، نور احمد، وفادار مومند اور قیس احمد شامل ہیں۔