لاہورہائیکورٹ، نوازشریف ، شہباز شریف، حمزہ شہبازسمیت دیگر کی کامیابی کے خلاف درخواستیں خارج

منگل 13 فروری 2024 22:16

لاہورہائیکورٹ، نوازشریف ، شہباز شریف، حمزہ شہبازسمیت دیگر کی کامیابی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 فروری2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے میاں نواز شریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت دیگر کی کامیابی کے خلاف درخواستیں خارج کر دیں اور درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عام انتخابات میں کامیاب امیدواروں کے نوٹیفیکیشن روکنے اور دوبارہ گنتی کے لئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔

اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے بتایا کہ وہ این اے 130 سے امیدوار ہیں، ووٹوں کی گنتی کے وقت سی سی پی او لاہور کی موجودگی میں ہمیں آر آفس سے نکال دیا گیا، عدالت ریٹرننگ افسر کو امیدواروں کی موجودگی میں دوبارہ فارم 47 مرتب کرنے کا حکم دے۔ پی پی 164 میں شہباز شریف کی کامیابی کے خلاف آزاد امیدوار یوسف مئیو نے درخواست دائر کی، پی پی 147 سے حمزہ شہباز کی کامیابی کے خلاف آزاد امیدوار محمد خان مدنی نے انتخابی نتائج کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کے علاوہ این اے 77 گجرات سے ناکام ہونے والی امیدوار راشدہ طارق، پی پی 191 سے آزاد امیدوار سلیم صادق سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی اور احکامات جاری کئے۔ عدالت نے تمام درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔ درخواستوں میں آر اوز کی جانب سے فارم 47 درخواست گزاروں کی عدم موجودگی میں مرتب کرنے اور فارم 45 میں ووٹوں کے اعدادوشمار نظر انداز کرنے کو چیلنج کیا گیا تھا اور استدعا کی گئی تھی کہ عدالت آر اوز کو درخواست گزاروں کی موجودگی میں دوبارہ فارم 47 مرتب کرنے کے احکامات جاری کرے۔