حالیہ انتخابات کے نتائج کا نقصان پختونخوا اور پشتون قوم کو ہوگا،حیدرہوتی

وفاق، پنجاب، سندھ میں لگ رہا ہے کوئی حکومتی ڈھانچہ ہوگا لیکن پختونخوا میں انتظامی، مالی بحران مزید شدت اختیار کرے گا میرے استعفے پر کچھ ساتھی اگر خفا ہیں، یا وہ سمجھتے ہیں کہ میں مایوس ہوں تو ایسا کچھ نہیں۔ ایک نئے حوصلہ کے ساتھ سفر کا آغاز کریں گے،ویڈیوپیغام

منگل 13 فروری 2024 20:55

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 فروری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء وسابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ انتخابات میں جو فیصلہ ہوا اس کا نقصان پختونخوا اور پشتون قوم کو ہوگا، وفاق، پنجاب، سندھ میں لگ رہا ہے کوئی حکومتی ڈھانچہ ہوگا لیکن پختونخوا میں انتظامی، مالی بحران مزید شدت اختیار کرے گا۔

ایک ویڈیو پیغام میں امیرحیدر خان ہوتی نے کہا کہ انتخابات میں تمام کارکنان، بھائیوں،بہنوں، ماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمارا ساتھ دیا،جلد ہی مردان کے عوام اور ذمہ داران سے تفصیلی نشست ہوگی جس میں موجودہ حالات اور پارٹی کے آئندہ معاملات کے حوالہ سے فیصلے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے باچاخان مرکز پشاور میں اجلاس ہوا ہے، وہاں کئے گئے فیصلے پارٹی کے فیصلے ہیں اور انہی فیصلوں کی بنیاد پر آئندہ لائحہ عمل بنائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ میرے استعفے پر کچھ ساتھی اگر خفا ہیں، یا وہ سمجھتے ہیں کہ میں مایوس ہوں تو ایسا کچھ نہیں، ایک نئے حوصلہ کے ساتھ سفر کا آغاز کریں گے۔اپنے پیغام میں کہا کہ میں نے رہبرتحریک خان عبدالولی خان ، ملی مشر اسفندیارولی خان اور مور بی بی بیگم نسیم ولی خان کی طرح اصولوں کی بنیاد پر استعفیٰ دیا تھا۔مشر اسفندیارولی خان کا اصرار یہ تھا کہ استعفیٰ منظور نہیں کریں گے لیکن میں نے گستاخی کی اور درخواست کی کہ میرا استعفیٰ منظور کیا جائے۔

حیدر خان نے کہاکہ میں اپنی ہار پر اتنا خفا نہیں ہوجتنا صوبے کے نقصا ن پرپریشان ہوں، انتخابات میں جو فیصلہ ہوا اس کا نقصان پختونخوا اور پشتون قوم کو ہوگا۔ وفاق، پنجاب، سندھ میں لگ رہا ہے کوئی حکومتی ڈھانچہ ہوگا لیکن پختونخوا میں انتظامی، مالی بحران مزید شدت اختیار کرے گا۔