نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

جمعرات 15 فروری 2024 21:15

نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑکی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2024ء) وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری و توانائی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے پی ٹی وی کی جانب سے غیر ملکی براڈ کاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت دے دی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت یہاں منعقد ہوا۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی)کے تحت افغانستان کنٹری آفس کے زیر استعمال گاڑیوں کے سپئیر پارٹس اور نئے ٹائروں کی کراچی پورٹ سے کابل، افغانستان ٹرانزٹ/منتقلی کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے ایسی درآمدات اور ان کی افغانستان منتقلی کی ممانعت ہے تاہم اقوام متحدہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مذکورہ سپئیر پارٹس اور ٹائر ز اقوام متحدہ کے استعمال میں ہوں گے اور انہیں کاروباری استعمال میں نہیں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وفاقی کابینہ نے وزارت دفاعی پیداوار کی سفارش پر سیکرٹریٹ گروپ کے گریڈ 20 کے افسر خان نواز کی ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا میں بطور ممبر فنانس دوبارہ تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر جے ایس بینک کے سپانسرنگ شیئر ہولڈر شبیر احمد رندیری کو بینکنگ کمپنیز آرڈیننس کے سیکشن (IV)(1)14سے استثنیٰ دینے کی بھی منظوری دے دی، اس استثنیٰ کے تحت شبیر احمد 7.06 فیصد سپانسرنگ شیئر ہولڈر کی حیثیت سے جے ایس بینک لمیٹڈ میں اپنا ووٹنگ کا حق استعمال کر سکیں گے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر دوہری شہریت کے حامل ملزم عرفان قادر بھٹی کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملزم پر حکومت ناروے کی جانب سے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ہے، اس حوالے سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو بطور انکوائری آفیسر تعینات کیا گیا تھا جو بعد از تفتیش اس نتیجہ پر پہنچے کہ ملزم دہشت گردی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے، ان معلومات کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے ملزم کو ناروے کے حوالے کرنے کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تخفیف غربت و سماجی تحفظ کی سفارش پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی خالی آسامی پر سید طارق محمد الحسن کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔ وفاقی کابینہ نے وزارت اطلاعات و نشریات کی سفارش پر پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کی جانب سے غیر ملکی براڈکاسٹرز کو کھیلوں کے مقابلوں کے نشریاتی حقوق کی مد میں ادائیگیوں کی اجازت بھی دے دی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 6 فروری 2024 ،کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے 7 فروری 2024 ،کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 7 فروری 2024 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 7 فروری 2024 اور 14 فروری 2024 کے اجلاس میں لئے گئے فیصلوں کی توثیق کر دی۔