بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، مریم نواز

افسران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، افسران کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔ مسلم لیگ ن کی نامزد وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 18 فروری 2024 20:33

بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے، ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2024ء ) مسلم لیگ ن کی جانب سے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بیوروکریسی کو قانون شکنی پر اکسانے والوں سے قانون کے مطابق نمٹیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی کو دھمکیوں کا مطلب ریاستی نظام میں انتشار پیدا کرنا ہے جس کی کھلی چھوٹ تباہی کو دعوت دینا ہے، افسران گھبرائیں نہ دھمکیوں سے مرعوب ہوں بلکہ قانون کے مطابق اپنے فرائض انجام دیں، افسران کی سلامتی کو خطرے میں ڈالا گیا تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، افسران کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے۔

بتایا جارہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نوازکی بطور وزیراعلی پنجاب نامزدگی کے بعد سکیورٹی فراہم کر دی گئی، مریم نواز کے ساتھ پولیس کے 4 سکواڈ، ایک جیمر اور ٹریفک پولیس کا پائلٹ لگا دیا گیا ہے، مریم نواز کو دو بلٹ پروف گاڑیاں بھی فراہم کر دی گئیں، مریم نوازکو وزیراعلی کی سکیورٹی آئی جی پنجاب کے احکامات پر فراہم کی گئی ہے، جاتی امرا ء پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں تمام سیکرٹریوں کو فوری طور پر سالانہ ترقیاتی پروگرام کے متعلق پریزنٹیشن نامزد وزیر اعلی مریم نواز کو دینے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام سیکرٹریز کو نئے منصوبے بناتے وقت کفایت شعاری اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی، جس میں کہا گیا ہے کہ نئے منصوبوں کی لاگت کم سے کم کی جائے، غیر ضروری اخراجات سے پرہیز کیا جائے، جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے کسی جاری منصوبے کو نہ روکا جائے۔