گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے‘ ضیاء الدین انصاری

بے تحاشہ بجلی و گیس کے بلوں اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے

پیر 19 فروری 2024 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2024ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے نگراں حکومت کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اٖضافے کو عوام دشمن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے، بے تحاشہ بجلی و گیس کے بلوں اور کمر توڑ مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے انتخابی مہم میں دن رات کام کرنیوالے کارکنان کے اعزاز میں ظہرانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں جماعت ا سلامی این اے 130 کے قومی و صوبائی امیدواران سمیت بڑی تعداد میں کارکنان، ووکر ز اور سپورٹرز موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتیں بڑھانے سے عوام پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، لوگ پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں خودکشیاں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نگراں حکومت پاکستان کی تاریخ کی ناکام حکومت بن چکی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے مکمل سرنڈر ہو گئی، یوٹیلیٹی بل عوام کے لیے موت کے پروانے بن گئے۔ نگراں حکمران اگر عوام کو ریلیف نہیں دے سکتی تو آئی ایم ایف کی ایماء پر عوام سے جینے کا حق بھی مت چھینے۔ ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابات میں کارکنا ن، ووکرز اور سپورٹرز نے دن رات محنت کی جن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جماعت سلامی کے کارکنان یاد رکھیں ان کی اخلاص کیساتھ کی جانے والی تمام تر جدوجہد اللہ کے نظام کے نفاذ کیلئے ہے جس کی ہار جیت کا دارومدار صرف دنیا کی حد تک محدود ہے اصل میں ہماری ہار بھی آخرت میں کامیابی کی صورت اللہ تعالی کے ہاں اعلی اجر کیساتھ موجود ہے، جو ہمیشہ رہنے والی کامیابی ہے۔

کارکنان، ذمہ داران اور امیدواران خدمت خلق کے مشن کو پہلے سے زیادہ جوش و جذبے کے کیساتھ جاری رکھیں ۔