Live Updates

ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت صرف مسلم لیگ ن ہی رکھتی ہے، ملک شاکر بشیر اعوان

منگل 20 فروری 2024 15:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 فروری2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے نومنتخب ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے نکالنے کی صلاحیت صرف مسلم لیگ ن ہی رکھتی ہے ۔منگل کو پارٹی ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ ملک کو اس وقت سیاسی اور معاشی استحکام کی کے لیے محمد نواز شریف ،شہباز شریف اور مریم نوازکی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، انشااللہ اب بھی ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے محمد شہبازشریف کو پارٹی کی طرف سے وزیراعظم اور مریم نواز کو وزیر اعلی پنجاب نامزد ہونے پر مبارک باد پیش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قائد محترم میاں محمد نواز شریف ملک کا اثاثہ ہیں، ملک اس وقت جس صورت حال سے دوچار ہے اس سے نکالنے کے لیے محمد شہباز شریف اور مریم نواز بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تمام میگا پراجیکٹس مسلم لیگ ن کے دور میں بنے اور اب بھی مسلم لیگ ن ہی میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو انتشار کی کیفیت سے نکالے گی۔ ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت ملک کو مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان سے نکالنے میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ این اے 87 کے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ میری اولین ترجیح ہے، ہر دلعزیز قائد میاں محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق حلقہ کی عوام کی بھر پور خدمت کروں گااور ضلع خوشاب میں میگا پروجیکٹس دیں گے جس سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے ،صحت ،تعلیم کے شعبوں سمیت عوامی مسائل پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات