Live Updates

نو منتخب وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا،گورنر پنجاب نے حلف لیا

پیر 26 فروری 2024 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 فروری2024ء) مسلم لیگ(ن)کی چیف آرگنائزر و سنیئر نائب صدر مریم نواز شریف نےپنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے پیر کے روز گورنر ہائوس لاہور میں منعقد ہ ایک پروقار تقریب میں نو منتخب وزیر اعلی پنجاب سے حلف لیا۔تقریب میں قائد مسلم لیگ (ن)محمد نواز شریف،صدر مسلم لیگ (ن)محمد شہباز شریف،کیپٹن(ر) محمد صفدر،جنید صفدر،حمزہ شہباز شریف،اسحاق ڈار،پرویز رشید،رانا تنویر،طارق بشیر چیمہ،امیر مقام،مریم اورنگزیب،مصدق ملک،سینیٹر عرفان صدیقی،عون چوہدری،شریف فیملی کے دیگر ارکان،چیف سیکرٹری و آئی جی پنجاب،غیر ملکی شخصیات،اعلی سول و فوجی حکام، اراکین اسمبلی اور پارٹی رہنمائوں ،سنیئر صحافیوںسمیت دیگر شخصیات نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

نو منتخب وزیر اعلی پنجاب مریم نوازنے اپنی والدہ مرحومہ بیگم کلثوم نواز کی تصویر بھی سٹیج پر اپنے سامنے سجا رکھی تھی۔حلف اٹھانے کے بعد مریم نواز اپنے والد اور قائد مسلم لیگ(ن)محمد نواز شریف سے گلے ملیں اور ان کے ماتھے پر بوسا دیا، بعد میں اپنے چچا اور صدر مسلم لیگ(ن)محمد شہباز شریف سے گلے ملیں اور ان سے پیار لیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے مریم نواز کو وزیرا علی پنجاب کا حلف لینے پر مبارکباد پیش کی۔حلف برداری کی تقریب کے موقع پر گورنر ہائوس کے ارد گرد سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات