مراد علی شاہ کی فتح جمہوریت کی جیت ہے،قائم علی شاہ

اپوزیشن نے کوئی مسجد یا مینار ہی بنایا ہو بس پیپلزپارٹی پر تنقید کرنی ہے ، رہنما پیپلز پارٹی ایوان میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی تقریر کے دوران پی پی ارکان قہقہے لگاتے رہے

پیر 26 فروری 2024 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہاہے کہ مراد علی شاہ کی فتح جمہوریت کی جیت ہے،مراد علی شاہ کو مبارکباد دیتا ہو ں،کراچی سب کا ہے ہم خدمت کرنے والے ہیں۔سید مراد علی شاہ کے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے پر صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹونے امیدواروں سے حلف لئے اورٹکٹ دینے سے قبل عوام سے رائے لی،ایسی جمہوریت کس جماعت میں ہی اورکون سی جماعت ہے جس نے سندھ میں کام کئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ان اپوزیشن والوں نے کوئی مسجد یا مینار ہی بنایا ہو بس پیپلزپارٹی پر تنقید کرنی ہے،ہمیں تو پھر بھی عوام نے خدمت پر ووٹ دیا،آپ نے کون سا کمال کیا ہے جو ووٹ ملے ہیں،انہیں کیسے ووٹ ملے ہیں سمجھ سے باہر ہے۔

(جاری ہے)

قائم علی شاہ نے کہا کہ آنکھیں ہوں توسندھ میں ہونے والے کام دیکھے جاسکتے ہیں،سندھ میں کچھ نہیں کیا کہہ دیا جاتا ہے باہرنکلیں دیکھیں انفراسٹرکچر، آئندہ100 برس کیلئے تھرسے کوئلہ نکالاتاکہ توانائی بحران پرقابوپایاجاسکے،یہ کہنا چاہیے کہ مزید کام کی ضرورت ہے۔

ایوان میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی تقریر کے دوران پی پی ارکان قہقہے لگاتے رہے۔اس سے قبل پیپلزپارٹی کے امیدوارمرادعلی شاہ پہلی بار2تہائی اکثریت سے مسلسل تیسری مرتبہ وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہوگئے۔مرادعلی شاہ کو112ووٹ ملے جبکہ ان کے مد مقابل ایم کیوایم کیامیدوار علیٰ خورشیدی کو36ارکان ارکان نے ووٹ ڈالے۔سندھ اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخابی عمل میں 148ارکان نے حصہ لیا،پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ9،جماعت اسلامی کی1امیدوارانتخابی عمل کاحصہ نہ بنے۔