Live Updates

بلومبرگ نے پاکستانی معیشت میں بہتری کی نوید سنا دی

پاکستان کے ڈالربانڈ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ گئی، پاکستان کی سیاسی صورتحال میں بہتری ہوئی ہے اور اب پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوسکتی ہے۔ مالیاتی امور کے نشریاتی ادارے کی رپورٹ

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 فروری 2024 15:21

بلومبرگ نے پاکستانی معیشت میں بہتری کی نوید سنا دی
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 فروری 2024ء ) مالیاتی امور کے حوالے سے امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ نے پاکستانی معیشت میں بہتری کی نوید سنای دی۔ تفصیلات کے مطابق اپنی ایک رپورٹ میں بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈالربانڈ میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھ چکی ہے کیوں کہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں بہتری ہوئی، انتخابات نے سیاسی بے یقینی ختم کی، پاکستان کا ڈالر بانڈ اچھا قرار دیا جانے لگا ہے اور اب پاکستان کی ریٹنگ بہتر ہوسکتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ڈالر بانڈ بھاؤ مارکیٹ سے زیادہ ہے، پالیسی خدشات گزشتہ برس جیسے ہی ہیں لیکن آئی ایم اف معاہدے سے یہ بھی ختم ہوسکتے ہیں، پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کی اگلی قسط کے لیے درکار تقاضے پورے کر دیئے ہیں اور اسے 1.2 ارب ڈالر کا قرض مل سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اپنی ایک اور رپورٹ میں بلومبرگ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ڈالر بانڈز جنوری میں ایشیا کے بہترین پرفارمر رہے، 2023ء میں پاکستان بانڈز میں گزشتہ ماہ 9 فیصد کا اضافہ ہوا تاہم آئی ایم ایف معاہدہ ختم ہونے پر پاکستان کی بانڈ ریلی کو انتخابی امتحان کا سامنا ہے، مارچ میں موجودہ آئی ایم ایف بیل آؤٹ پر مذاکرات کا امکان ہے، اس سے قبل سرمایہ کاروں کو آئی ایم ایف معاہدے کے لیے ایک نئے لیڈر کا انتظار ہے۔

علاوہ ازیں بلومبرگ کی جانب سے جاری سروے رپورٹ میں پاکستان کے معاشی بحران کے حل کیلئے سب سے بہترین آپشن قرار دیے جانے والے لیڈر کا نام سامنے آیا ہے، بلومبرگ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے فنانشل ماہرین کی اکثریت تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کو ملک کے معاشی مسائل کے حل کیلئے سب سے بہترین آپشن سمجھتے ہیں، اس سروے میں 12 فنانشل ماہرین سے پاکستان کے معاشی مسائل کے حل کیلئے 4 سیاسی لیڈرز کو ریٹ کرنے کیلئے کہا گیا، ان 4 لیڈرز میں عمران خان، نواز شریف، بلاول بھٹو اور جہانگیر ترین کے نامل شامل کیے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ سروے کے دوران اپنی رائے کا اظہار کرنے والے فنانشل ماہرین سے 4 پاکستانی سیاستدانوں کو 1 سے 5 کے سکور کے درمیان ریٹ کرنے کا کہا گیا تاکہ معلوم ہو سکے کہ ان کی رائے میں کون سا پاکستانی سیاسی لیڈر پاکستان کی معیشت بہتر سنبھال سکتا ہے، سروے میں رائے کا اظہار کرنے والوں میں پاکستان کے سب سے بڑے بروکریجز کے تاجر، ماہرین اقتصادیات اور تجزیہ کار شامل تھے اور اس سروے کے نتائج میں 44 پوائنٹس کے ساتھ عمران خان سرفہرست رہے، یعنی سروے میں رائے کا اظہار کرنے والوں کی اکثریت نے بانی تحریک انصاف کو ملکی معیشت کی بہتری کیلئے سب سے بہترین آپشن قرار دیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات