ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

منگل 27 فروری 2024 21:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2024ء) ملک کے مختلف علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا تاہم شمالی اور جنوب مغربی بلوچستان، گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود رہا تاہم بلوچستان ، سندھ ، خیبر پختونخوا اورپنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ بارش بلوچستان میں گوادر 153، کوئٹہ ( سمنگلی 15،شہر 12)، خضدار 12، جیوانی 09، دالبندین 07، تربت 06، پسنی 05، ژوب 04،نوکنڈی 03، سبی 02، پنجگور 01،سندھ میں جیکب آباد 22، موہنجوداڑو، روہڑی 05، لاڑکانہ04،خیرپور ، سکھر 03،پنجاب میں خان پور، رحیم یار خان 03، کوٹ ادو01، خیبرپختونخوا میں پاراچنار اور میرکھانی میں 02ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

اس دوران زیارت 02 اور سکردو0.4 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔ اس دوران کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 10، کا لام منفی 07، استور منفی 06، گوپس، مالم جبہ منفی 04، سکردو، ہنزہ منفی 03 اور بگروٹ میں منفی 02سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔