پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کا ایک اور جاسوس کوارڈ کاپٹر مار گرایا ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

جمعرات 29 فروری 2024 17:23

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت سے باز نہیں آتا بھارتی حکمرانوں کی اولین ترجیح ہوتی ہے کہ کسی طرح سے بھی وہ اپنی عوام کے دلوں میں پاکستان سے متعلق نفرت پیدا کر کے ووٹ حاصل کرلیں پاکستان دشمنی ان کی قومی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے پاکستان میں دہشت گردی کرانی ہو اسکی سرحدوں پر بلا جواز اشتعال انگیزی کرنی ہو، پاکستان میں جاسوسی کرنی ہو یا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے خلاف لابنگ کرنی ہو بھارت اسے اپنی بنیادی ترجیح سمجھتا ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمدعبدالقادر نے کہاکہ گذشتہ روز پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کا ایک اور جاسوس کوارڈ کاپٹر مار گرایا ہے بھارتی فوج کا یہ کوارڈ کاپٹر کنٹرول لائن پر جاسوسی کر رہا تھا جسے پاک فوج نے مار گرایا گزشتہ دنوں پاک فوج کو بھارتی فضائیہ کے اس کوارڈ کاپٹر کی باقیات پاکستان کی سرحد کے اندر سے مل گئی ہیں اس بھارتی کوارڈ کاپٹر پر بھارتی فضائیہ کے ایک یونٹ کا نشان بھی موجود ہے 27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی جنگی طیاروں کو بھی آپریشن سوفٹ ریٹارٹ میں مار گرایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان اپنی جغرافیائی سرحدوں کی سالمیت کو یقینی بنانے کے لئے دن رات چوکس رہتی ہیں جب بھی پاکستان کی سرحد کے پار سے حملے ہوئے پاکستان کی افواج نے دشمن کا منہ توڑ جواب دیا ہے پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہے بھارت کو پاکستان کے خلاف جارحیت اور جاسوسی کا ارتکاب کر کے ہمیشہ منہ کی کھانی پڑی 2019 میں پاکستان کی حدود میں بھارتی طیاروں کو مار گرانے کی بات ہو یا بلوچستان سے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی رنگے ہاتھوں گرفتاری ہو پاکستان کو ہمیشہ کامیابی حاصل ہوئی اور بھارت کو عالمی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ناپاک عزائم سے قطعی طور پر غافل نہیں افواج پاکستان کے خلاف بھارتیوں کی تمام سازشیں ناکام بنا دی جاتی ہیں بھارت کی سرپرستی میں پاکستان بھر میں ہونے والی دہشتگردی کے پیچھے بھارت ہے حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ مار گرائے جانے والے بھارتی جاسوس کوارڈ کاپٹر سے متعلق عالمی برادری کو اعتماد میں لے کر حقیقت سے آگاہ کرے اقوام متحدہ میں پاکستان کے خلاف بھارتیوں کے عزائم آشکار کئے جائیں تاکہ دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو۔