فردوس شمیم نقوی کے گھرپر چھاپے،سندھ ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن کو قانون کے مطابق انکوائری کا حکم دے دیا

جمعرات 29 فروری 2024 18:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 فروری2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے گھر میں اینٹی کرپشن کے چھاپے اور دبائو ڈالنے کے خلاف درخواست پر اینٹی کرپشن کو قانون کے مطابق انکوائری کرنے کا حکم دے دیا۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی کے گھر میں اینٹی کرپشن کے چھاپے اور دبائو ڈالنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

اینٹی کرپشن تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

تفتیشی افسر شعیب نے بتایا کہ انکوائری میں فردوس شمیم نقوی کے بیانات ریکارڈ کرنا ہیں۔چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بیان ریکارڈ کرنا ہے تو ان کے گھر چلے جائیں گے خدا کا خوف کریں وہ پہلے ہی کینسر کا مریض ہے۔آپ لوگوں نے خدا کو بھی جواب دینا ہے ۔جبران ناصر ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے فردوس شمیم نقوی کے گھر پر چھاپہ مارا گیا اور یہ پرانی انکوائری ہے جس میں فردوس شمیم نقوی کا ریکارڈ بیان کرنا تھا۔عدالت نے اینٹی کرپشن کو قانون کے مطابق انکوائری کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔